ایم کیو ایم رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری

ایم کیں ایم پرچم
    • مصنف, نثار کھوکھر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
  • وقت اشاعت

پاکستان کے صوبہ سندھ میں انسداد دہشت گردی کی ایک خصوصی عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ کے ایک رکن اسمبلی سمیت تین افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔ متحدہ کے ان رہنماؤں کے خلاف اسلحہ سمگلنگ کیس عدالت میں زیر سماعت ہے۔

جیکب آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج سردار خان چانڈیو نے جن افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں ان میں متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی نثار پنہور، اندرون سندھ کے رہنما اشفاق منگی اور صوبو خان رند شامل ہیں۔

ان رہنماؤں کے اسلحہ سمگلنگ کیس میں عدالت کے سامنے پیش نہ ہونے کی وجہ سے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔ جیکب آباد پولیس نے دو ماہ قبل بلوچستان سے آنے والے ایک شخص ندیم بروہی کو اسلحے سمیت گرفتار کیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ندیم بروہی کے پاس ایک درجن کلاشنکوف، راکٹ لانچر اور ہینڈ گرنیڈز کی بھاری تعداد موجود تھی جو وہ بلوچستان سے کراچی کی طرف لے جا رہے تھے۔

گرفتار ملزم کی نشاندہی پر جیکب آباد پولیس نے رکن صوبائی اسمبلی نثار پنہور، اشفاق منگی اور صوبو خان رند کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا تھا۔