موٹر وے پر حادثہ، پندرہ ہلاک

موٹروے
،تصویر کا کیپشنزخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال لے جایا گیا ہے جہاں نہ توکوئی ڈاکٹر موجود نہ تھا: پولیس
    • مصنف, شہزاد ملک
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
  • وقت اشاعت

پاکستان کے صوبہ پنجاب اور سرحد کے سرحدی علاقے اٹک کے قریب جمعرات کو ٹریفک کے ایک حادثے میں پندرہ افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے ہیں۔

موٹروے پولیس کے مطابق مسافروں کی ایک ویگن راولپنڈی سے پشاور جا رہی تھی کہ برھان انٹرچینج کے قریب ویگن کا ڈرائیور نیند آ گئی جس پر تیز رفتار گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور ویگن اُلٹ گئی جس کے نتیجے میں نو افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ چھ افراد حسن ابدال کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں بروقت طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے ہلاک ہوگئے۔

موٹر وے پولیس کے مطابق اس حادثے میں ویگن مکمل طور پر تباہ ہوچکی تھی اور زحمی اور ہلاک ہونے والوں کو گاڑی کو کاٹ کر نکالا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال لے جایا گیا ہے لیکن وہاں پر نہ توکوئی ڈاکٹر موجود تھا اور نہ ہی ہسپتال کا دوسرا عملہ۔ پولیس کا کہنا تھا کہ جس وقت مریضوں کو ہسپتال لے جایا گیا تو اُس وقت ایک نرس موجود تھی جس نے زخمیوں کو طبی امداد دی۔

پولیس نے اس واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ واضح رہے کہ جب سے اسلام آباد سے پشاور موٹر وے ٹریفک کے لیے کھولا گیا ہے اُس کے بعد سے اب تک یہ ٹریفک کا سب سے بڑا حادثہ ہے۔