بجلی مہنگی اور پیٹرول سستا ہوگیا

- مصنف, اعجاز مہر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
- وقت اشاعت
پاکستان حکومت نے یکم اکتوبر سے ملک بھر میں بجلی کے نرخوں میں چھ فیصد اضافہ اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تقریبا سوا روپے سے پونے پانچ روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا ہے۔
حکام کے مطابق اکتوبر سے دسمبر کی سہ ماہی کے لیے حکومت نے بجلی کے نرخوں میں چھ فیصد اضافہ ہوگا۔
وزارتِ پانی و بجلی کے ترجمان ضرار اسلم نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ حکومت نے یکم اکتوبر سے بجلی کے نرخ میں چھ فیصد کا اضافہ کر دیا ہے تاہم اس کا اطلاق پچاس یونٹ ماہانہ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین اور زرعی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے ٹیوب ویلز پر نہیں ہوگا۔
وزارت پانی و بجلی کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ بجلی پر دی جانے والی ایک سو بتیس ارب روپوں کی سبسڈی آئی ایم ایف کے معاہدے کے مطابق رواں مالی سال میں کم کر کے پچپن ارب روپے تک لانی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں سب سے زیادہ ’لائن لاسز’ کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کے ہیں جو کہ پینتیس فیصد بتائے جاتے ہیں۔ کراچی الیکٹرک سپلائی کار پوریشن کو حکومت نے نجی شعبے کو فروخت کر دیا ہے لیکن اس کے باوجود بھی ا سے سالانہ اربوں روپے کی سبسڈی دی جاتی کرتی ہے۔

ادھر تیل اور گیس کی ریگولیٹری اتھارٹی ’اوگرا’ کے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق جمعرات یکم اکتوبر سے پیٹرول کی فی لٹر قیمت میں تین روپے تریسٹھ پیسے کمی کی گئی ہے اور اب نئی قیمت اکسٹھ روپے تریسٹھ پیسے مقرر کی گئی ہے۔
ہائی آکٹین کی قیمت میں فی لیٹر چار روپے اسی پیسے کمی کے ساتھ نئی قیمت پچھہتر روپے انسٹھ پیسے مقرر کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں دو روپے تہتر پیسے کمی کر کے ستاون روپے ستاسی پیسے فی لیٹر بیچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل جو کہ زیادہ تر ٹیوب ویلز اور دیہات کی بعض فیکٹریوں میں استعمال کیا جاتا ہے اس کی قیمت میں فی لیٹر ایک روپ ننانوے پیسے کمی کرکے چون روپے ستانوے پیسے کردی گئی ہے۔ اوگرا کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل جو عام گاڑیوں میں استعمال ہوتا ہے، اس کی قیمت میں صرف ایک روپے اکیس پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی کی نئی قیمت فی لٹر چونسٹھ روپے اناسی پیسے مقرر کی گئی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















