’سیاسی حمایت کامیابی کی وجہ بنی‘

- مصنف, عزیز اللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
- وقت اشاعت
وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سوات آپریشن میں جب سیاسی قیادت نے فوجی قیادت کی حمایت کی تو جنگ میں کامیابی حاصل ہوئی ہے اور اب اتنی تعداد میں لوگ گرفتار و رہے ہیں یا اسلحہ ڈال رہے ہیں کہ ملک میں اتنی جیلیں نہیں ہیں کہ ان قیدیوں کو ان میں رکھا جائے۔
جمعہ کو سینیٹ سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے امن و امان کی صورتحال اور توانائی کے بحران کے حوالے سے تفصیل سے بات چیت کی ہے ۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ فوجی آپریشن میں تین ہزار افراد ہتھیار ڈال چکے ہیں اور توقع ہے کہ اتنے ہی مذید افراد ہتھیار ڈال دیں گے اور کئی افراد گرفتار ہیں تو پانچ ہزار لوگوں کو رکھنے کے لیے جیلیں نہیں ہیں اور حکومت کے پاس انتظامات نہیں ہیں۔
انھوں نے کہا کہ کیا یہ ملک کی قیادت کا کارنامہ نہیں ہے تو اور کیا ہے جب سیاسی قیادت نے فوجی قیادت کی حمایت کی تو یہ کامیابی حاصل ہوئی ہے اور اس کے لیے وہ قوم کو مبارکباد دیتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ انھیں اقتدار میں آئے ہوئے صرف ڈیڑھ سال ہوا ہے اور توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اس بحران پر قابو پانے کے لیے قلیل اور طویل مدتی منصوبے شروع کیے جا چکے ہیں اور ان پر کچھ وقت لگے گا۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اگر ان کے جانے سے یا وفاقی وزیر کے جانے سے مسئلہ حل ہو سکتا ہے تو وہ اس کے لیے تیار ہیں۔ وزیر اعظم کے مطابق جب تک سب متحد نہیں ہوں گے تب تک یہ مسائل حل نہیں ہو سکتے اس لیے تمام سیاسی قیادت وہ چاہے دائیں طرف بیٹھے ہیں اور یا بائیں جانب بیٹھے ہیں سب کو حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ اگلے سال تک مزید آئی پی پیز سے مذاکرات ہو رہے ہیں اور لوڈ شیڈنگ پر قابو پالیا جائے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















