پاکستان یو این کی نائب صدارت کا امیدوار

اقوام متحدہ
،تصویر کا کیپشنآخری بار پاکستان نے 2005 میں جنرل اسمبلی کی نائب صدارت کی تھی
    • مصنف, حسن مجتبٰی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نیو یارک
  • وقت اشاعت

اقوام متحدہ کی جنرل اسبملی میں سال دو ہزار دس کے لیے نائب صدارت کے عہدے کے لیے پاکستان امیدوار ہے جس کی اقوام متحدہ میں ایشائي کے ممالک کے گروپ نے متفقہ طور حمایت کردی ہے۔

یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کے پریس اتاشی شفقت جلیل نے نیویارک سے جاری کردہ اپنی ایک پریس ریلیز میں کہی ہے۔

شفقت جلیل نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی نائب صدارت کے عہدہ کے لیے پاکستان کی حمایت، اقوام عالم میں اس کے اہم مقام کا ثبوت ہے۔

پاکستان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے پینسٹھویں سالانہ اجلاس 2010 کی نائب صدارت کے لیے امیدوار ہے جو سال ستمبر دو ہزار دس سے شروع ہوگا۔ نائب صدر کا کام اجلاس میں جنرل اسمبلی کے صدر کی معاونت کرنا ہے۔

آخری بار پاکستان 2005 میں جنرل اسمبلی کے انسٹھویں سالانہ اجلاس کی نائب صدارت کے لیے منتخب ہوا تھا۔ اس سے قبل دو بار 1962 اور 1963 میں اقوام متحدہ میں تب پاکستان کے مستقل مندوب ظفر اللہ خان جنرل اسمبلی کے دو بار صدر منتخب ہوئے تھے۔ظفر اللہ خان بعد میں پاکستان کے وزیر خارجہ بھی بنے۔

رواں ماہ اکتوبر کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ایشائي گروپوں کی سربراہی بھی پاکستان کے پاس ہے۔