نیٹو قافلہ: حملے میں متعدد ٹرک تباہ

پشاور میں آئل ٹینکر(فائل فوٹو)
،تصویر کا کیپشننیٹو کے لیے سامان کے جانے والے ٹینکروں پر پشاور میں بھی حملے کیے جا چکے ہیں۔
    • مصنف, عبدالحئی کاکڑ
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
  • وقت اشاعت

صوبہ سرحد کے دارالحکومت پشاور میں نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کرکے افغانستان میں تعینات اتحادی افواج کے لیے سامانِ رسد لے جانے والے کئی ٹرکوں کو نذرِ آتش کر دیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کو دو درجن کے قریب مسلح نقاب پوش پشاور کے رنگ روڈ تور بابا کے علاقے میں آئے اور انہوں نے وہاں پر کھڑی نیٹو فورسز کو سامانِ رسد لیجانے والی سات گاڑیوں کو آگ لگادی۔

ان کے بقول نذرِ اتش ہونے والی گاڑیوں میں دو کنٹینر، ایک ٹرک اور چار چھوٹی گاڑیاں شامل ہیں۔ ان کے بقول اس موقع پر موجود چوکیداروں کو مسلح افراد نے یر غمال بنایا تھا جبکہ پولیس اس لیے موجود نہیں تھی کہ اس مقام پر عموماً نیٹو فورسز کو سامان لے جانے والی گاڑیوں کو پارک نہیں کیا جاتا۔

مسلح افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ واقعے کے بعد فائر بریگیڈ کے عملے نے جائے وقوعہ پر پہنچ کرآگ بجھادی۔

ماضی میں اتحادی افواج کو سامانِ رسد لیجانے والی ٹرکوں نشانہ بنانا ایک معمول بن گیا تھا لیکن تازہ واقعہ ایک طویل عرصے کے بعد ہی پیش آیا ہے۔ واقعات میں کمی کی بڑی وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ ان گاڑیوں کو اب کم ہی پشاور یا آس پاس کے علاقوں میں پارک کیا جاتا ہے۔

ماضی کے واقعات کی ذمہ داریاں پشاور سے متصل قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں سرگرم طالبان نے قبول کی تھی۔