’بل مجموعی طور پر پاکستان کے حق میں‘

گیلانی
،تصویر کا کیپشنکیری لوگر بل کے بارے میں حتمی پالیسی پارلیمنٹ اور سیاسی قیادت کی رائے سامنے آنے کے بعد طے کی جائے گی: وزیر اعظم
    • مصنف, آصف فاروقی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
  • وقت اشاعت

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ امریکی امداد کے قانون کیری لوگر بل پر ان سیاسی جماعتوں کے ساتھ بھی مشاورت کی جائے گی جن کی پارلیمنٹ میں نمائندگی نہیں ہے۔

چین کے پہلے سرکاری دورے پر روانہ ہونے سے قبل چکلالہ ایئربیس پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کیری لوگر پر ردعمل ظاہر کرنے سے قبل اس بارے میں پوری قوم کی رائے حاصل کی جائے گی اسی وجہ سے ان جماعتوں کو بھی مشاورت میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن کی پارلیمنٹ میں نمائندگی نہیں ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس بل کے خالق سینیٹر جان کیری پاکستان کے دوست ہیں اور یہ بل مجموعی طور پر پاکستان کے حق میں ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس بل میں استعمال کی گئی زبان پر حکومت اور بعض متعلقہ اداروں کو اعتراض ہے جس پر گفتگو کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس قانون کے بارے میں حتمی پالیسی پارلیمنٹ اور سیاسی قیادت کی رائے سامنے آنے کے بعد طے کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس انتخابات کا بائیکاٹ کرنے والی بعض اہم قومی اور علاقائی جماعتوں نے کیری لوگر بل کے خلاف ملک گیر مہم شروع کر رکھی ہے۔

اسی سلسلے میں اتوار کی شب جماعت اسلامی نے لاہور سے اسلام آباد تک احتجاجی ریلی منعقد کی تھی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

وزیراعظم کی چین روانگی سے قبل ائیربیس پر چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل طارق مجید اور بری فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے وزیراعظم سے غیر رسمی ملاقات کی جس میں قومی سلامتی کے امور اور وزیراعظم کے دورہ چین پر تبادلہ خیال کیا گیا۔