پندرہ سال سے بہنوئی کی ’قید‘ میں

- مصنف, عبادالحق
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
- وقت اشاعت
جنوبی پنجاب کے شہر ملتان کی پولیس نے ایک خاتون کو بازیاب کیا ہے جسے مبینہ طور پر اس کے بہنوئی نے پندرہ برس سے قید کر رکھا ہے۔
پولیس نے خاتون کو برآمد کرکے ہسپتال منتقل کردیا ہے جبکہ اس کے بہنوئی کو تحویل میں لے لیا ہے۔ پولیس کے مطابق جس خاتون کو برآمد کیا گیا ہے اس کا نام فرازنہ ہے اور اس کی عمر لگ بھگ پینتیس سال ہے۔
ملتان کے ایس ایس پی آپریشن آغا یوسف نے بی بی سی کو بتایا کہ انہیں یہ اطلاع ملی تھی کہ شہر کے گنجان آباد علاقے کوٹلہ تولِے خان کے قریب مکان میں ایک خاتون کو قید کیا گیا ہے جس پر انہوں نے وہاں چھاپہ مار کر وہاں سے خاتون کو برآمد کر لیا۔
پولیس آفیسر آغا یوسف کے بقول جب انہوں نے گھر چھاپہ مارا تو مکان کو تالا لگا ہوا تھا، جس کو توڑا گیا۔انہوں نے بتایا کہ مکان کی حالت انتہائی خستہ تھی اور مخدوش حالات میں رہنے کی وجہ سے خاتون کی ذہنی کیفیت ٹھیک نہیں تھی۔پولیس آفیسر کا کہنا ہے کہ علاقے میں رہنے والوں افراد کے مطابق خاتون فرازنہ کے والدین کا انتقال ہوچکا ہے اور اس کے بہنوئی عبدالمالک نے اسے پندرہ برس سے گھر میں قید کیا ہوا تھا۔
ایس ایس پی ملتان کا کہنا ہے کہ علاقے کے لوگوں کے بقول خاتون کو اس کے بہنوئی عبدالمالک نے جائیداد ہتھیانے کے لیے قید کیا ہوا تھا کیونکہ بازیاب ہونے والی خاتون کے دو مکان ہیں اور اہل علاقہ کے مطابق عبدالمالک ان مکانات پر قبضہ کرنا چاہتا تھا اور علاقے میں رہنے والوں کو یہ بتایا گیا تھا کہ فرازنہ پر جنوں کا سایہ ہے اور وہ کسی کو بھی نقصان پہنچا سکتی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے جب خاتون کو برآمد کیا گیا تو اس کی حالت سے بظاہر لگتا تھا کہ جیسے اسے انجکشن لگائے جاتے رہے ہیں۔
ملتان کے سی سی پی او سید سعود عزیز کے مطابق اتون رشتہ دار کو غیر قانونی قید میں رکھنے کے الزام میں عبدالمالک نامی شخص کے خلاف اب تعزیرات پاکستان کی دفعہ تین چوالیس کے تحت مقدمہ درج کر دیا گیا ہے اور اس مقدمہ کی تفتیش کم از کم ایس پی کے عہدے کا پولیس افسر کرے گا۔
سی سی پی او کا کہنا ہے کہ خاتون کی میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد خاتون کی دماغی حالت کے بارے میں معلوم ہوگا اور اسی رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی کی جائے ۔ان کے بقول محکمہ ریونیو کے مطابق بازیاب ہونے والی خاتون کی جائیدار کسی اور شخص کے نام منتقل نہیں ہوئی ۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
۔



















