ایف آئی اے دفتر اور پولیس مراکز پر حملے، چوبیس ہلاک

ایف آئی اے بلڈنگ پر حملہ کرنے والے شخص نے خودکش جیکٹ پہن رکھی تھی
،تصویر کا کیپشنایف آئی اے بلڈنگ پر حملہ کرنے والے شخص نے خودکش جیکٹ پہن رکھی تھی
    • مصنف, بیورو رپورٹ
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
  • وقت اشاعت

لاہور میں مسلح افراد کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی عمارت اور بیدیاں روڈ اور مناواں میں واقع پولیس تربیتی مراکز پر حملوں اور بعد ازاں کیے جانے والے آپریشن میں جن میں چوبیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق مرنے والوں میں آٹھ سکیورٹی اہلکار، آٹھ شہری اور آٹھ ہی حملہ آور شامل ہیں۔ ہلاک شدگان میں سے سات افراد ایف آئی اے کی عمارت، بارہ مناواں تربیتی مرکز اور پانچ ایلیٹ فورس مرکز میں مارے گئے ہیں۔

<link type="page"><caption> لاہور، شدت پسندوں کا نشانہ: تصاویر</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/2009/10/091015_lah_attack_pics.shtml" platform="highweb"/></link>

یہ تینوں حملے جمعرات کی صبح قریباً ایک ہی وقت میں کیے گئے۔

بی بی سی اردو کے نامہ نگار علی سلمان کے مطابق بیدیاں روڈ پر واقع ایلیٹ فورس کے تربیتی مرکز میں آپریشن کے دوران چار حملہ آوروں اور ایک پولیس اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے تربیتی مرکز میں متعدد افراد کو یرغمال بنایا ہوا تھا تاہم بعد ازاں یہ خبر صحیح ثابت نہیں ہوئی۔

پولیس حکام کے مطابق بیدیاں روڈ پر آپریشن کی کمان فوج کے کمانڈوز کے ہاتھ میں رہی پولیس کی ایلیٹ فورس کے علاوہ رینجرز کے جوان بھی اس آپریشن میں شریک تھے۔ آپریشن میں شریک سکیورٹی اہلکاروں کو بکتر بند گاڑیوں اور ہیلی کاپٹروں کی مدد حاصل تھی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایلیٹ فورس کے تربیتی مرکز پر سات سے دس مسلح افراد نے صبح ساڑھے نو بجے حملہ کیا۔ یہ حملہ آور تربیتی مرکز کے احاطے میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے تاہم صوبائی وزیرِ قانون رانا ثناء اللہ کے مطابق انہیں مرکز کی عمارت میں داخل ہونے نہیں دیا گیا۔

حملے میں زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے
،تصویر کا کیپشنحملے میں زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے

علی سلمان کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ مناواں میں واقع پولیس تربیتی مرکز میں بھی حملہ آروں کے خلاف آپریشن مکمل ہو گیا ہے اور اس کارروائی میں تین حملہ آور، پولیس کے پانچ اہلکار اور چار شہری ہلاک ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے حملہ آوروں میں سے دو نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

ادھر ایس پی سول لائنز حیدر اشرف نے بی بی سی کی نامہ نگار مناء رانا کو بتایا ہے کہ کچھ مسلح افراد نے صبح ساڑھے نو بجے کے قریب ٹیمپل روڈ پر واقع وفاقی تحقیقاتی ادارے کی عمارت پر حملہ کرنے کی کوشش کی جس پر عمارت کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی اور فائرنگ کے اس تبادلے میں ایک حملہ آور ہلاک ہوگیا۔ موقع پر موجود پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں ہلاک ہونے والے ایک شخص کے قریب سے دستی بم اور خودکش جیکٹ ملی ہے۔ عمارت کے دروازے کے قریب سے بھی دو لاشیں ملی ہیں۔ عمارت کلیئر کر دی گئی ہے اور تمام ملازم محفوظ ہیں‘۔

پولیس حکام کے مطابق اس کارروائی میں ایف آئی اے کے دو اہلکار، چار شہری اور ایک حملہ آور ہلاک ہوا ہے۔ صوبائی وزیرِ قانون رانا ثناء اللہ نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ حملہ آور نے ایف آئی اے کی عمارت میں موجود افراد کو یرغمال بنانے کی کوشش کی جو ناکام بنا دی گئی۔ خیال رہے کہ یہ دوسرا موقع ہے کہ لاہور میں ایف آئی اے کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس سے قبل گیارہ مارچ سنہ 2008 کو ایف آئی اے کے اسی صوبائی ہیڈکوارٹرز پر حملے میں بیس افراد مارے گئے ہیں جن میں ایف آئی اے کے بارہ اہلکار شامل تھے۔