شمالی وزیرستان: ڈرون حملے میں 5ہلاک

- مصنف, عزیز اللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، اسلام آباد
- وقت اشاعت
پاکستان میں سکیورٹی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں جمعرات کی علی الصبح ہونے والے ایک ڈرون حملے میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ حملہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تین بجکر چالیس منٹ پر ایجنسی ہیڈ کوارٹر میران شاہ کے قریب ڈنڈو درپہ خیل کے مقام پر کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکی جاسوس طیارے سے دو میزائل داغے گئے جو مشتبہ طالبان کے افغان کمانڈر غزنوی کے ٹھکانے پر گرے ہیں۔
سکیورٹی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ یہ حملہ افغان سرحد کےقریب اس علاقے میں کیا گیا ہے جہاں طالبان کمانڈرجلال الدین حقانی کا گروپ سرگرم ہے۔جلال الدین حقانی افغانستان میں طالبان کی حکومت میں وزیر رہ چکے ہیں۔
ہلاک ہونے والے افراد کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ مشتبہ طالبان تھے۔ مقامی لوگوں نے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے میں دو بچے بھی شامل ہیں لیکن سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
ڈنڈو درپہ خیل پر پہلے بھی جاسوس طیاروں سے حملے کیے گئے ہیں جن میں ہلاکتیں ہوئی تھیں۔















