صوبائی وزیر کی ضمانت منظور

- مصنف, ریاض سہیل
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
- وقت اشاعت
کراچی کی ایک عدالت نے صوبائی وزیر برائے ایکسائیز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چاؤلہ کی عدم حاضری پر قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے تھے تاہم بعد میں مکیش کمار چاولہ نے عدالت سے ضمانت حاصل کرلی جس کے بعد ان کے وارنٹ واپس لے لیے گئے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ مغرب رسول بخش میرجت کی عدالت میں یہ مقدمہ زیر سماعت ہے۔
صوبائی وزیر مکیش کمار کے خلاف 2003 میں کراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے مجرمانہ غفلت کی شکایت دائر کی تھی۔ شکایت میں کہا گیا تھا کہ مکیش کمار نے منگھو پیر کے علاقے میں غیر قانونی تجاوزات کی ہیں جنہیں بعد میں منہدم کردیا گیا مگر اس کے ساتھ ہی شکایت بھی درج کرائی گئی تھی۔
صوبائی وزیر بننے سے قبل مکیش کمار عدالت میں پیش ہوتے رہے مگر موجودہ حکومت کے قیام کے بعد وہ مسلسل غیر حاضر رہے ہیں۔ منگل کو عدالت میں پیش نہ ہونے پر عدالت نے ان کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے اور ان کے ضامن کو دو نومبر کو طلب کرلیا تھا۔ بعد میں مکیش کمار چاولہ نے عدالت سے ضمانت حاصل کرلی جس کے بعد ان کے وارنٹ واپس لے لیے گئے۔
مکیش کمار کا تعلق شھدادکوٹ سے ہے اور وہ دو بار مخصوص نشست پر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوچکے ہیں۔ ان کی بہن رتنا بھگوان داس سینیٹر ہیں اور انہیں سینیٹ کی پہلی ہندو رکن ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔















