گھوٹکی میں ٹریفک حادثہ، چودہ ہلاک

 ٹریفک حادثہ
،تصویر کا کیپشنپاکستان میں ٹریفک حادثات میں ہر برس سینکڑوں افراد ہلاک ہو جاتے ہیں
    • مصنف, علی حسن
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، حیدر آباد
  • وقت اشاعت

پاکستان کے صوبہ سندھ میں ایک ٹریفک حادثے میں چودہ مسافر ہلاک اور بیس زخمی ہوگئے ہیں۔

یہ حادثہ گھوٹکی کے قریب اس وقت پیش آیا جب سکھر سے صادق آباد جانے والی ایک مسافر بس گھوٹکی سے آٹھ کلو میٹر کے فاصلے پر سامنے سے آنے والے ایک ٹرالر سے ٹکرا گئی ۔

مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ اتنا شدید تھا کہ ہلاک ہونے والوں میں سے زیادہ تر جائے حادثہ پر ہی دم توڑ گئے تھے۔ ہلاک ہونے والے مسافروں میں ایک خاتون اور چھ ماہ کا ایک شیر خوار بچہ بھی شامل ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے چھ کی حالت نازک ہے۔

زخمی مسافروں کوگھوٹکی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ چند شدید زخمی مسافروں کو سکھر اور رحیم یار خان بھی بھیجا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ بس ڈرائیور کی جلد بازی اور غلط طریقے سے اوور ٹیکنگ کے باعث پیش آیا ہے۔ ایک مقامی صحافی کا کہنا ہے کہ ایک زخمی مسافر کے مطابق بس ایک ٹرک کو اوورٹیک کر رہی تھی کہ سامنے سے آنے والے ٹرالر سے ٹکراگئی۔

یہ حادثہ جس مقام پر ہوا ہے اس جگہ سکھر کی طرف جانے والی سڑک زیر تعمیر ہے اور دونوں طرف کا ٹریفک ایک ہی سڑک پر رواں رہتا ہے۔