مچھ: نیٹو کے آئل ٹینکرز پر راکٹ حملہ

- مصنف, ایوب ترین
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
- وقت اشاعت
بلوچستان کے علاقے مچھ میں نیٹو افواج کے لیے تیل لے جانے والے آئل ٹینکروں پر حملے کے نتیجے میں ایک ڈرائیور ہلاک اور دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
اس حملے میں پانچ آئل ٹینکر بھی تباہ ہوئے ہیں۔
یہ ٹینکر کراچی سے براستہ کوئٹہ افغانستان جا رہے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق کوئٹہ سے ساٹھ کلومیٹر دور جنوب مشرق میں واقع ضلع بولان کے علاقے مچھ کے قریب جمعہ کو نامعلوم افراد نے سڑک کے کنارے ہوٹل پر کھڑے نیٹو کے ٹرکوں اور آئل ٹینکروں پر راکٹوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں آئل ٹینکر کا ایک ڈرائیور جمعہ خان ہلاک ہوا جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
مچھ پولیس کے مطابق راکٹ حملے میں پانچ آئل ٹینکرو آگ لگنے کی وجہ سے مکمل طور پر تباہ ہوئے ہیں جبکہ باقی ٹرکوں کو بچا لیا گیا ہے۔
اس حملے کے بعد پولیس اور فرنٹیئرکور نے پورے علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ تاحال کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
پشاور اور طورخم میں پاکستانی طالبان کی جانب سے نیٹو کے ٹرکوں اور آئل ٹینکروں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات کے بعد حکام نے سامانِ رسد کی فراہمی کے لیے بلوچستان کے راستے کا انتخاب کیا تھا لیکن تاحال اس راستے کو بھی مکمل طور پر محفوظ نہیں بنایا جا سکا ہے۔















