سی این جی: ہڑتال کی کال واپس

وفاقی کابینہ نے پندرہ نومبر سے پندرہ مارچ 2010 کے دوران سی این جی سٹیشنز اور صنعتی صارفین کو ہفتے میں دو دن گیس کی سپلائی معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا
،تصویر کا کیپشنوفاقی کابینہ نے پندرہ نومبر سے پندرہ مارچ 2010 کے دوران سی این جی سٹیشنز اور صنعتی صارفین کو ہفتے میں دو دن گیس کی سپلائی معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا
    • مصنف, شہزاد ملک
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
  • وقت اشاعت

سی این جی ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی کال واپس لے لی ہے جبکہ تیل اور قدرتی وسائل کے وفاقی وزیر سید نوید قمر کا کہنا ہے کہ حکومت ایسوسی ایشن کے ساتھ مذاکرات کرکے مسائل حل کرنے کی کوشش کرے گی۔

جمعہ کے روز سی این جی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور حکومت کے درمیان مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات کے بعد سی این جی ایسوسی ایشن کے صدر غیاث پراچہ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوئے ہیں اس لیے ایسوسی ایشن سرحد اور صوبہ پنجاب میں سی این جی گیس سٹیشن بند کرنے کے کال واپس لے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ تحریری معاہدے میں لکھا ہوا ہے کہ وہ پورا سال سی این جی سٹیشنز کو گیس فراہم کرے گی اس کے علاوہ حکومت نے سی این جی سٹیشنز سے تین ماہ کا زرضمانت بھی لیا ہوا ہے۔

اسیوسی ایشن کے صدر کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ تعاون کیا جائے گا اور گھریلو صارفین کو گیس کی قلت کا سامنا کرنا پڑا تو سی این جی ایسوسی گھریلو صارفین کے ساتھ تعاون کرے گی۔

تیل اور قدرتی وسائل کے وفاقی وزیر نوید قمر نے صحافیوں کو بتایا کہ حکومت تمام مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی لوڈمینیجمنٹ کا معاملہ سوئی نادرن کے ڈائریکٹر جنرل سے مل بیٹھ کر حل کیا جائے گا جبکہ گیس کی قمیتوں کا معاملہ ڈی جی گیس کے ساتھ مل کر طے کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے کبھی یہ نہیں کہا کہ پندرہ نومبر سے گیس کی لوڈشیڈنگ شروع ہوجائے گی تاہم اُس کے بعد گیس کی لوڈمینیجمنٹ کے بارے میں طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے گیس کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ملک بھر میں سی این جی سٹیشنز ہفتے میں دو دن بند کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر سی این جی ایسوسی ایشن نے ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔

پہلے مرحلے میں اٹک سے لیکر جہلم تک تمام سی این جی سٹیشنز بند کر دئیے گیے تھے تاہم لاہور اور دوسرے علاقوں میں گیس سٹیشنز بند کیے تھے کہ حکومت نے سی این جی ایسوسی ایشن کو مزاکرات کی عوت دی جس کے بعد ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کردی۔

وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا عوام کو کہنا تھا کہ وہ گیس کی لوڈشیڈنگ کے دوران گاڑیوں میں دو دن کے لیے پیٹرول استعمال کریں۔