بارہ فوجی اور چھ دہشتگرد ہلاک

فائل فوٹو، پاکستانی فوج
،تصویر کا کیپشناطلاعات کے مطابق شدت پسندوں نے رزمک اور لاغڑہ منزہ پر بھی راکٹ فائر کیے۔
    • مصنف, دلاور خان وزیر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
  • وقت اشاعت

پاکستان فوج کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں طالبان کے خلاف جاری آپریشن راہِ نجات میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران لڑائی میں چھ دہشت گرد اور بارہ فوجی ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے ہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی طرف سے جمعہ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جنڈولہ سراروغہ کے محور پر سکیورٹی فورسز نے احمد وام کے علاقے کو کلیئر کردیا ہے جبکہ سرچ آپریشن کے دوران ایک جھڑپ میں دو فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔ جوابی حملے میں چھ شدت پسند مارے گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نےتور وام اور لنگر خیل اور اردگرد کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا ہے جس میں گزشتہ روز لنگر خیل کے مقام پر جھڑپیں بھی ہوئی تھی جس میں دس سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے تھے جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے اور اس طرح دو دنوں میں پندرہ اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مکین سے مربئی الگڈ تک کے علاقے کو محفوظ بنادیاگیا ہے۔ شدت پسندوں نے رزمک اور لاغڑہ منزہ پر راکٹ فائر کیے جس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

خیال رہے کہ فوج نے گزشتہ ماہ جنوبی وزیرستان میں بیت اللہ گروپ کے طالبان کے خلاف محسود قبائل کے علاقے میں کارروائیوں کا آغاز کیا تھا۔اس آپریشن کی وجہ سے علاقے سے تقریباً آبادی نے نقل مکانی کی ہے اور زیادہ تر علاقوں تک فوج بھی پہنچ گئی ہے۔