’جنرل، بریگیڈئیر سمیت چھ افسران ہلاک‘

پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل اطہر عباس نے تصدیق کی ہے کہ جمعہ کو پریڈ لین مسجد پر ہونے والے حملے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک میجر جنرل، ایک بریگیڈیئر، دو کرنل اور دو میجر بھی شامل ہیں۔
بی بی سی اردو کے ساتھ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حملے میں ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد پینتیس ہے جبکہ پچھہتر افراد زخمی ہوئے ہیں۔
میجر جنرل اطہر عباس نے کہا کہ تین سپاہی، سولہ بچے اور دس عام شہری بھی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کی کل تعداد چار تھی جن میں دو خودکش حملہ آور تھے جبکہ دو شدت پسند مسجد کے باہر موجود تھے جنہیں ہلاک کر دیا گیا۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ مسجد ایک آفیسر کالونی میں واقع ہے اور جمعہ کے روز حملے کے لیے جس وقت کا انتخاب کیا گیا ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حملے کا اصل ہدف فوج کے افسران ہی تھے۔
تحریک طالبان پاکستان کی طرف سے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس سے پہلے بھی یہ تنظیم اس قسم کے حملوں میں ملوث رہ چکی ہے اور ہمیں اس پر کوئی تعجب نہیں ہو گا اگر یہ حملہ بھی انہیں کی کارروائی ہو۔















