مہمند ایجنسی: پانچ ہلاک، دس زخمی

- مصنف, عبدالحئی کاکڑ
- عہدہ, بی بی سی اردوڈاٹ کام، پشاور
- وقت اشاعت
حکام کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں باراتیوں کی ایک گاڑی بارودی سرنگ کی زد میں آئی ہے جس میں پانچ افراد ہلاک اور دس سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
پولٹیکل حکام نے بی بی سی کو بتایا کہ جمعہ کی صبح ساڑھے گیارہ بجے باراتیوں سے بھری ایک فلائنگ کوچ تحصیل صافی کے ایگرانو گاؤں سے مٹی علاقےکی طرف جارہی تھی کہ وہ سڑک کے کنارے نصب بارودی سرنگ کے ساتھ ٹکرائی۔ ان کے بقول اس واقعے میں پانچ افراد ہلاک اور دس سے زائد زخمی ہوئے ہیں جن میں بعض خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران یہ اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے اس سے قبل بائیزئی تحصیل میں بھی باراتیوں کی ایک گاڑی بارودی سرنگ کا نشانہ بنی تھی جس میں کئی افراد ہلاک ہوئے تھے۔
مہمند ایجنسی میں سکیورٹی فورسزعسکریت پسندوں کے خلاف کاروائیوں میں مصروف ہیں۔ حکام کے مطابق عسکریت پسندوں نے سکیورٹی فورسز کی نقل و حرکت محدود کرنے کے لیے کئی مقامات پر بارودی سرنگیں نصب کررکھی ہیں۔















