صدر کو تحفظ حاصل ہے: درخواست

- مصنف, عبادالحق
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
- وقت اشاعت
صدر آصف علی زرداری کے خلاف بیرون ملک مقدمات کو دوبارہ کھولنے کےاحکامات کو چیلنج کردیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی کے لیے سپریم کورٹ کے روبرو درخواست دائر کی گئی ہے۔
یہ درخواست لاہور کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ خان نے درخواست میں یہ نکتہ اٹھایا کہ صدر پاکستان کو آئین کے تحت یہ مکمل تحفظ ہے کہ ان کے خلاف مقدمات پر کارروائی نہیں ہوسکتی۔ اس لیے سپریم کورٹ کو یہ اختیار حاصل نہیں ہے کہ وہ ایسے احکامات جاری کرے جو صدر کو آئین میں دیئے گئے استثنیٰ کے خلاف منافی ہو۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے صدر آصف علی زرداری کے خلاف سوئس عدالت میں مقدمات کو دوبارہ کھولنے کی جو ہدایات جاری کی ہیں وہ آئین کے مطابق نہیں ہیں کیونکہ آئین کے آرٹیکل دو سو اڑتالیس سے متصادم ہے جو صدر پاکستان کو یہ تحفظ فراہم کرتا ہے کہ ان کے خلاف کسی فوجداری مقدمے پر کارروائی نہیں ہوسکتی۔
درخواست میں یہ استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ کا حکم عدالتی دائرہ اختیار سے تجاوز ہے اس لیے عدالت صدر آصف علی زرداری کے خلاف بیرون ملک مقدمات کو دوبارہ کھولنے کی حد تک اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے اور ان احکامات کو کالعدم قرار دے۔















