خیبر ایجنسی: لشکروں میں تصادم، پانچ ہلاک

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ لشکر اسلام کے مورچوں پرگن شیپ ہیلی کاپٹروں سے بھی فائرنگ ہوئی ہے
،تصویر کا کیپشنمقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ لشکر اسلام کے مورچوں پرگن شیپ ہیلی کاپٹروں سے بھی فائرنگ ہوئی ہے
    • مصنف, دلاور خان وزیر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
  • وقت اشاعت

پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں لشکرِ اسلام اور انصارالاسلام کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں پانچ افراد ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے ہیں۔

دوسری طرف تحصیل باڑہ کے مختلف علاقوں میں لشکرِ اسلام کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کاروائی بھی بدستور جاری ہے۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ کے دور افتادہ علاقے تِیرہ میں دو کالعدم مذہبی تنظیمیں لشکرِ اسلام اور انصارالاسلام کے درمیان شدید لڑائی شروع ہوگئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ دونوں تنظیمیں ایک دوسروں کے ٹھکانوں پر بھاری اور خود کار ہھتیاروں سے حملے کررہی ہیں۔جس میں اب تک لشکرِ اسلام کے پانچ رضاکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے ہیں۔حکام کے مطابق انصارالاسلام کے رضاکاروں کی ہلاکت بارے میں اطلاع نہیں ہے۔

تاہم مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کچھ دیر پہلے لشکر اسلام کے مورچوں پرگن شیپ ہیلی کاپٹروں سے بھی فائرنگ کی ہے جس کے نتیجہ میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

یاد رہے کہ سکیورٹی فورسز نے لشکرِ اسلام کے خلاف تحصیل باڑہ میں گزشتہ ایک میہنے سے کاروائی شروع کی ہے جس میں مقامی لوگوں کے مطابق کوئی خاص پیش رفت نہیں ہوئی ہے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے اہلکار تحصیل باڑہ کے مختلف علاقوں تک پہنچ گئے ہیں۔