’اقوام متحدہ کی رپورٹ ایک ماہ بعد‘

- مصنف, نثار کھوکھر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
- وقت اشاعت
وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی مرحومہ چیئرپرسن بینظیر بھٹو کے قتل کی عالمی تحقیقات کی رپورٹ ایک ماہ بعد منظرعام پر آ جائے گی۔یہ بات انھوں نے اتوار کو گڑھی خدا بخش میں سابق وزیر اعظم بینظر بھٹو کی دوسری برسی کے موقع پر کہی ہے۔
وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے گڑھی خدا بخش بھٹو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات کرنے والے اقوام متحدہ کے کمیشن کی معیاد میں ایک ماہ کا اضافہ کر دیا گیا ہے اور عالمی تحقیقات کی رپورٹ ایک ماہ بعد منظرعام پر آ جائے گی۔
انہوں نے بینظیر بھٹو کے آبائی علاقے گڑھی خدابخش بھٹو کو ماڈل ولیج بنانے کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ پاکستان میں تہتر کا آئین اور پیپلزپارٹی وفاق کی علامتیں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جمہوری اداروں کی مضبوطی کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مل جل کر کام کرنا چاہیے۔
پاکستان کی سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کی مرحومہ چیرپرسن بینظیر بھٹو کی دوسری برسی اتوار کو منائی جا رہی ہے۔برسی کے موقع پر صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ میں بھٹو خاندان کے آبائی قبرستان میں ملک بھر سے آئے ہوئے پیپلزپارٹی کے کارکنان نے بینظیر بھٹو کی قبر پر حاضر ی دی ہے اور تمام دن قرآن خوانی کا سلسہ جاری رہا۔
وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور پاکستان کے صدر آصف علی زرداری سمیت پیپلزپارٹی کے تمام وفاقی وزراء اور صوبائی کابینہ برسی میں شرکت کرنے کے لیے لاڑکانہ پہنچ چکی ہے۔
پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے اعلان کیا تھا کہ یوم عاشور کی وجہ سے بینظیر بھٹو کی دوسری برسی کی مرکزی تقریبات گڑھی خدابخش بھٹو میں منعقد نہیں کی جائیں گئی جب کہ پاکستان کے تمام ضلعی ہیڈکورارٹز میں مقامی سطح پر بینظیر بھٹو کی برسی منائی جائے گی۔
وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے گڑھی خدابخش بھٹو میں بینظیر بھٹو، ان کے والد ذوالفقارعلی بھٹو، بھائی میر مرتضیٰ بھٹو اور دوسرے بھائی شاہنواز بھٹو کی قبروں پر حاضر دی، دعا مانگی اور پھول چڑھائے۔
گڑھی خدابخش بھٹو میں مرکزی جلسہ نہ کرنے کے اعلان کے باوجود پیپلزپارٹی کے سینکڑوں کارکنان گڑھی خدابخش بھٹو میں بینظیر بھٹو کی قبر پر پہنچ چکے ہیں۔سخِت حفاظتی انتظامات کی وجہ سے وہ لوگ قطاریں بنا کر بینظیر کی قبر کے احاطے کے اندر داخل ہو رہے ہیں اور وہاں قرآن خوانی کرنے کے بعد، زندہ ہے بی بی زندہ ہے، کے نعرے لگا کر واپس جا رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دوسری جانب کراچی اور لاہور میں بھی بینظیر بھٹو کی برسی کے حوالے تقریبات ہوئی ہیں۔کراچی میں سنیچر اور اتوار کی رات پیپلزپارٹی کے سینکڑوں کارکنان نے بینظیر بھٹو کی رہائش گاہ کے قریب بلاول چورنگی پر شمعیں روشن کیں اور نعرے لگائے۔اجتماع میں درجنوں خواتین کارکنان بھی شامل تھیں۔
اسی طرح لاہور میں پیپلزپارٹی کے دفتر کے باہر بینظیر بھٹو کی تصویر کے سامنے شمعیں روشن کی گئیں۔کارکنان کی ایک بڑی تعداد اس تقریب میں شریک رہی اور انہوں نے بینظیر بھٹو کے حق میں نعرے لگائے اور ان کی تصویر کے سامنے پھول نچھاور کیے ہیں۔



















