باجوڑ اورخیبر ایجنسی میں دو سکول تباہ

پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ اور خیبر ایجنسی کے دو مختلف واقعات میں دو سرکاری سکولوں کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کردیا ہے۔ ادھر سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک کارروائی کے دوران پانچ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
مقامی پولیٹکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جمعہ اور جمعرات کی درمیانی رات باجوڑ ایجنسی کی تحصیل ماموند کے علاقے ملنگی میں نامعلوم مُسلح شدت پسندوں نے ایک سرکاری بوائز ہائی سکول کی عمارت کو بارودی مواد سے تباہ کردیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق دھماکے سے قریبی بنیادی صحت کے مرکز کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔
ایک سرکاری اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ سکول کی عمارت کے باہر تین دھماکے کیےگئے ہیں جس سے سکول کےاکثر کمرے منہدم ہوگئے ہیں۔ اہلکار کے مطابق ماموند میں بچ جانے والا آخری سکول تھا۔
اس کے علاوہ خیبر ایجنسی میں مقامی انتظامیہ کے مطابق تحصیل لنڈی کوتل کے علاقے نظر خیل جڑوبی میں بھی شدت پسندوں نے ایک بوائز پرائمری سکول کو دھماکہ خیزمواد سے تباہ کردیا ہے۔
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مُسلح شدت پسندوں نے رات کی تاریکی میں سکول میں دو دھماکے کیے جس سے سکول کے تین کمرے مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں۔
ان تازہ واقعات کے ساتھ ہی صرف باجوڑ میں تباہ کیے جانے والے تعلیمی اداروں کی تعداد ساٹھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ صوبہ سرحد اور قبائلی علاقوں میں سب سے زیادہ سکول سوات اور بعد میں باجوڑ میں تباہ کیےگئے ہیں۔ خیبر ایجنسی میں بھی گزشتہ کچھ عرصے میں سکولوں کی تباہی کے واقعات میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔
دریں اثناء ادھر صوبہ سرحد کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں حکام کے مطابق سکیورٹی فورسز کی ایک کارروائی کے دوران پانچ شدت پسند مارے گئے ہیں۔
کلاچی میں سینئر پولیس آفسر محمد اقبال نے بی بی سی کو بتایا کہ گزشتہ شام سکیورٹی فورسز کا ایک قافلہ ڈیرہ اسماعیل خان سے کلاچی کے علاقے لونی جا رہا تھا کہ میڈی کے علاقے میں شدت پسند کمانڈر احسان اللہ اور ان کے ساتھیوں نے قافلے پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اہلکار کا کہنا تھا کہ اس کے بعد سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی ہے جس کے نتیجہ میں پانچ شدت پسند مارے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں بیت اللہ گروپ کے ایک کمانڈر احسان اللہ ، مولوی عرفان اور فرہان شامل ہیں اور دو کی شناخت نہیں ہوئی ہے۔



















