’سر نہیں جھکاؤں گا مقابلہ کروں گا‘

اگر میدان جنگ تیار ہوا تو وہ دما دم مست قلندر کریں گے: صدر زرداری
،تصویر کا کیپشناگر میدان جنگ تیار ہوا تو وہ دما دم مست قلندر کریں گے: صدر زرداری
    • مصنف, نثار کھوکھر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
  • وقت اشاعت

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے عوام کو خبرادر کیا ہے کہ جمہوریت کے خلاف اندرونی یا ملک کے خلاف بیرونی سازش ہو تو عوام ہوشیار رہے اور ملکر ان شازشوں کا مقابلہ کرے۔ان کا کہنا ہے کہ وہ مقابلہ کرنا جانتے ہیں کیونکہ انہیں مزہ ہی تب آتا ہے جب جنگیں ہوتی ہیں۔

صوبہ سندھ میں ایک ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف زرداری نے کہا کہ وہ اپنے مخالفین اور دشمنوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور مخالفین کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ اگر میدان جنگ تیار ہوا تو وہ دما دم مست قلندر کریں گے۔

صدر زرداری کی اس ہفتے یہ تیسری عوامی تقریر ہے جس میں انہوں نے اپنے خلاف سازشوں کا ذکر کیا ہے اور عوام کوان سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہنے کی اپیل کی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے یہ باتیں صوبہ سندھ کے ضلع جامشورو اور ٹھٹھہ کے سنگم پر ایک آبی ذخیرے دروت ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے کے دوران کی ہیں۔

انہوں نے اپنی تقریر میں کہا ہے کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کا وہ تمام سیاسی قوتوں کے ساتھ ملکر مقابلہ کریں گے۔ صدر نے عوام کو ہوشیار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تمام سازشوں کے خلاف متحد ہوجائیں۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف اگر بیرونی اور جمہوریت کے خلاف اندرونی سازش ہو تو عوام ہوشیار رہے اور مل کر ان سازشوں کا مقابلہ کرے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ یہ سوچ کی جنگ ہے۔ان کے بقول ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کو شہید تو کیا جاسکتا ہے مگر ان کی سوچ ختم نہیں کی جاسکتی ہے۔

صدر زرداری نے کہا ہے کہ وہ مخالفین اور دشمنوں کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے اور ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔صدر زرداری کا کہنا ہے کہ وہ مقابلہ کرنا جانتے ہیں۔ کیونکہ بقول زرداری باطل کےخلاف ان کے جنگ ہے۔ اور انہیں مزا ہی تب آتا ہے جب جنگیں لگتی ہیں اور مصیبتیں آتی ہیں اور انہیں اپنی صلاحیتیں صرف کرنا پڑتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جب میدان لگے گا تو وہ بھی دمادم مست قلندر کہیں گے۔

صدر زرداری نے آٹھ ارب سے زائد سرمائے سے تعمیر ہونے والے ڈیم کا سنگ بنیاد جامشورو اور ٹھٹھہ کے سنگم پر رکھا ہے جہاں بارشوں کا ایک لاکھ انیس ہزار ایکڑ فٹ پانی جمع ہو سکے گا۔

صدر زرداری کی اس ہفتے یہ تیسری عوامی تقریر ہے جس میں انہوں نے اپنے خلاف سازشوں کا ذکر کیا ہے اور عوام کوان سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہنے کی اپیل کی ہے۔