کراچی: لیاری میں مسلح تصادم، پانچ ہلاک

وقت اشاعت

کراچی کے علاقے لیاری میں ہونے والے مسلح تصادم میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ کراچی پولیس نے اسے’گینگ وار‘ قرار دیا ہے۔

ایس پی لیاری ٹاؤن خادم حسین رند نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ غفار ذکری گروپ اور پیپلز امن کمیٹی گروپ میں فائرنگ کا سلسلہ منگل کو رات گئے شروع ہوا جس میں ابھی تک پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں، جن میں دونوں طرف کے لوگ شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصے سے دونوں گروہوں میں کشیدگی جاری تھی۔ کچھ روز قبل غفار ذکری نے پریس کانفرنس کر کے پیپلز امن کمیٹی سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

گزشتہ شب ایک مسلح گروہ نے امن کمیٹی کے مقامی دفتر پر حملہ کیا جس کے بعد فائرنگ اور ہلاکتوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ پولیس کے مطابق اس وقت یونین کونسل نمبر چھ کے علاقے بغدادی، کلری، عیدو لائن میں حالات کشیدہ ہیں، جہاں دونوں گروہوں کے لوگ موجود ہے۔

یاد رہے کہ دو سال قبل لیاری میں جاری گینگ وار اس وقت رک گئی تھی جب، رحمان بلوچ عرف رحمان ڈکیت نے پیپلز امن کمتٹی قائم کر کے مختلف گروہوں کو ایک جگہ اکٹھا کردیا تھا۔

گزشتہ سال رحمان بلوچ کی ایک مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت کے بعد لیاری میں حالت پھر بگڑ گئے ہیں۔

کراچی سے بی بی سی کے نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق گیارہ یونین کونسلوں پر مشتمل لیاری ٹاؤن کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی کا گڑھ تصور کیا جاتا ہے، جہاں سے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے ساتھ سینیٹ میں بھی نمائندگی موجود ہے۔

یہاں سرگرم پیپلز امن کمیٹی کو حکمران پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت پارٹی کا ہمدرد قرار دیتی رہی ہے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک اس کمیٹی سے لاتعلقی کا اظہار کرتے رہے ہیں۔