’دہشتگردی سب کا مشترکہ مسئلہ ہے‘

پاکستان کے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کوئی جماعت اکیلی دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے کچھ نہیں کر سکتی اس لیے سب کو مل کر دہشتگردی کا خاتمہ کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے یہ بات سنیچر کو لاہور میں گنگام ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ تفریق نہیں کی جا سکتی کہ دہشتگردی وفاقی حکومت کا مسئلہ ہے یا صوبائی حکومت کا‘۔ ان کے بقول وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کریں گی‘۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ’حکومتی کارروائیوں سے شدت پسند کمزور ہو رہے ہیں اور اسی وجہ سے انہوں نے شہروں کا رخ کیا ہے تاکہ اس طرح کی کارروائیاں کر کے حکومتی توجہ ان کاموں سے ہٹائی جائے جو شدت پسندوں پر مرکوز ہے‘۔
لاہور سے نامہ نگار عباد الحق کے مطابق جنوبی پنجاب میں کارروائی کے سوال پر وزیر اعظم نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت کی ایجنسیوں، وفاقی وزیر داخلہ یا پھر صوبائی حکومت کے پاس ایسی قابل بھروسہ معلومات ہوں تو مل بیٹھ کر فیصلہ کیا جا سکتا ہے لیکن سنی سنائی بات پر کوئی کارروائی نہیں کی جا سکتی۔
یوسف رضاگیلانی نے بتایا کہ انکی وزیرِ داخلہ رحمان ملک سے بات ہوئی تھی اور انہوں نے یہ وضاحت کی کہ انہوں نے کبھی پنجابی طالبان کی بات نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’بلیم گیم میں نہیں پڑنا چاہئے اور یہ نہیں کہنا چاہیے کہ یہ صوبائی حکومت کا مسئلہ ہے اس لیے وہ استعفٰیْ دے دے‘۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے فوجی آپریشن کیا ہے جس کے نتائج سب کے سامنے ہیں اس لیے جہاں جہاں حکومت کی رٹ کو چیلنج کیا جارہا ہے وہاں وہاں آپریشن ہورہا ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے جو سوموار کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں دہشت گردی کے واقعات کے سدبات کے بارے میں بات کی جائے گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















