’دنیا کشمیریوں کا استحصال بند کروائے‘

شاہ محمود قریشی
،تصویر کا کیپشنپاکستان کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے:شاہ محمود قریشی
وقت اشاعت

پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کو بھارت پر زور دینا چاہیے کہ وہ کشمیر میں عوام پر ظلم و ستم اور ان کا استحصال بند کرے جبکہ بھارتی وزیرِ خارجہ نے اس بیان کو ’ناقابلِ قبول‘ قرار دیا ہے۔

بھارتی زیرِ انتظام کشمیر میں بھارت مخالف مظاہروں کے دوران گزشتہ دو ماہ میں سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے تعلقات سنہ 2008 میں ممبئی میں ہونے والے دہشتگرد حملوں کے بعد سے کھنچاؤ کا شکار ہیں اور رواں برس جولائی میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے ملاقات کے بعد رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا تھا۔

منگل کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسبملی کے پینسٹھویں سالانہ اجلاس سے اپنے خطاب میں پاکستانی وزیرِ خارجہ نے حالیہ دنوں میں بھارتی زیر انتظام کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گذشہ دو ماہ کے دوران ایک سو کشمیری شہری بھارتی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈا پر پرانے متنازعہ مسائل میں سے ایک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا تنازعہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت سے متعلق ہے جو کہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق آزادانہ و منصفانہ رائے شماری کے ذریعے ہی حل طلب ہے۔

بھارت ریفرنڈم کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے حل سے انکار کرتا آیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’پاکستان کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور عالمی برادری سے درخواست کرتا ہے کہ وہ بھارت کو کشمیر میں ظلم وستم بند کرنے پر آمادہ کرے‘۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات کے حل کیلیے بامعنی و جامع مذاکرات چاہتا ہے اور سمجھتا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے ہی جنوبی ایشیا میں پائيدار امن و استحکام قائم ہو سکتا ہے۔

اس بیان پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بھارتی وزیرِخارجہ ایس ایم کرشنا نے کہا کہ انہیں کشمیر کے بارے میں اپنے پاکستانی ہم منصب کے بیان سے مایوسی ہوئی ہے اور ان کا بیان غیر ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان ایک ایسا ملک ہے جسے بڑے اور سنجیدہ مسائل کا سامنا ہے۔ ایسے غیر ضروری بیانات پاکستان کو درپیش ان مسائل سے توجہ نہیں ہٹوا سکتے جن سے پاکستان کا نمٹنا اس کے اپنے عوام اور پورے خطے کی بہتری کے لیے ضروری ہے‘۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے بھارتی حکومت نے اپنے زیرِ انتظام کشمیر میں جاری کشیدگی میں کمی کے لیے متعدد اقدامات کا اعلان کیا تھا جس میں علاقے میں تعینات فوج میں کمی پر غور بھی شامل تھا۔