اورکزئی: بمباری سے دس شدت پسند ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے اورکزئی ایجنسی میں حکام کا کہنا ہے کہ گن شپ ہیلی کاپٹروں سے شدت پسندوں کے زیرِ استمعال متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جس میں دس عسکریت پسندوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ایک سرکاری اہلکار کے مطابق گن شپ ہیلی کاپٹروں سے اورکزئی ایجنسی کے مختلف علاقوں میں شدت پسند کے کئی اہم ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
سرکاری اہلکار کا کہنا ہے کہ کارروائی کے نتیجے میں دس شدت پسند ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
خیال رہے کہ اورکزئی ایجنسی میں گزشتہ چند ماہ سے عسکریت پسندوں کے خلاف محدود پیمانے پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔جمعہ کو بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں ایک کرنل سمیت چھ اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔
اورکزئی ایجنسی میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائیوں کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ پہلے ہی سے محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کر چکے ہیں۔
مقامی حکام کے مطابق اس وقت ایجنسی کی اسی فیصد آبادی علاقہ چھوڑ کر ہنگو اور آس پاس کے علاقوں میں پناہ گزین ہوچکی ہے۔
ہمارے نامہ نگار دلاورخان وزیر کو ایک سرکاری اہلکار نے بتایا ہے کہ گن شپ ہیلی کاپٹروں کے علاوہ توپخانے کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔اس کارروائی میں دو اہم ٹھکانے تباہ ہوگئے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال جنوبی وزیرستان میں آپریشن کے نتیجے میں بیت اللہ گروپ کے تحریک طالبان کے کئی اہم کمانڈر اور جنگجو علاقہ چھوڑ کر اورکزئی ایجنسی، کرم اور شمالی وزیرستان منتقل ہونے کی اطلاعات ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دریں اثنا صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بحرین میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔
کارروائی میں دو شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔اہلکار کے مطابق ہلاک ہونے شدت پسندوں میں محمد اقبال اور محمد جاوید شامل ہیں۔



















