حج:’ پاکستانی بنیادی سہولتوں سے محروم‘

سعودی عرب میں فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے گئے ہوئے پاکستانی عازمین حج کی جانب سے ناقص انتطامات کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔
پاکستان سے ڈیڑھ لاکھ کے قریب افراد فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں۔
منیٰ میں رہائش کے ناقص انتظامات کی وجہ بائیس ہزار عازمینِ حج کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان کے وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی کا کہنا ہے کہ منیٰ میں بائیس ہزار پاکستانی عازمین حج کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی گئی۔ انھوں نے کہا کہ مسئلہ دفترِ خارجہ کے ذریعے حکومتی سطح پر معاملہ اٹھایا جائے گا۔
انھوں نے منیٰ سے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلے یہاں پاکستانی عازمین حج کو رہائش گاہوں کے حوالے سے مشکلات کی شکایات سامنے آ رہی تھیں کہ وہ مقام حج دور ہیں اور ان کو حاصل کرنے میں بدعنوانی کی گئی ہے لیکن اس وقت سب سے بڑا مسئلہ یہ درپیش ہے کہ منیٰ میں بائیس ہزار عازمین حج کی رہائش کے لیے جو پانچ مکاتب حاصل کیے گئے تھے وہ ابھی نامکمل ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ ان میں بجلی، ٹوائلٹس اور پانی کی سپلائی کا نظام صحیح ہے۔انھوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کے عازمین حج کے لیے سہولیات فراہم کرنے والے ایک نیم سرکاری سعودی ادارے کا کہنا ہے کہ جس جگہ پاکستانیوں کے مکاتب تھے انھیں سعودی حکام نے وہاں ٹرین چلانے کے لیے خالی کرنے کا حکم دیا تھا۔
انھوں نے کہا کہ اس بار حکومت نے اس ادارے کو پانچ سو سعودی ریال زیادہ ادا کیے تھے تاکہ پاکستانی عازمین حج کو تمام تر سہولیات فراہم کی جا سکیں لیکن اس بار گزشتہ سال دستیاب سہولیات بھی فراہم نہیں کی گئی ہیں۔
حامد سعید کے مطابق ’ دفتر خارجہ کے ذریعے حکومتی سطح پر یہ معاملہ اٹھایا جائے گا کہ پاکستانی عازمین حج کو معاہدے کے مطابق سہولیات فراہم نہیں کی گئی ہیں اور یہاں کی حکومت یہ طے کرے گی کہ یہ ذمہ داری کس کی تھی۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے ڈائریکٹر جنرل حج آپریشن راؤ شکیل کو سعودی عرب میں عازمین حج کے لیے رہائشوں گاہوں کے حصول میں بدعنوانی کا معاملہ سامنے آنے پر گرفتار کیا تھا۔
دریں اثنا پوری دنیا سے آئے ہوئے بیس لاکھ سے زائد مسلمان حجاج رات منیٰ میں گزارنے کے بعد صبح سویرے میدانِ عرفات میں وقوفِ حج کرنے کے لیے جمع ہو رہے ہیں۔
مکہ کے مغرب میں اٹھارہ کلو میٹر کی دوری پر واقع عرفات کے میدان جانا پانچ روزہ مناسکِ حج کا ایک اہم رکن ہے۔ چودہ سو سال قبل پیغمبرِ اسلام نے اسی جگہ اپنا آخری خطبہ دیا تھا۔



















