ڈرون حملے میں چار ’غیر ملکی‘ ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں حکام کے مطابق امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد غیر ملکی تھے تاہم فوری طور پر ان کی قومیت کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق امریکی جاسوس طیارے نے شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی کے نواحی گاؤں خدّی میں میرعلی سے آنے والی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا۔
حکام کے مطابق جاسوس طیارے سے گاڑی پر دو میزائل فائر کیے گئے، جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہو گئے۔اہلکار نے بتایا کہ حملے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
پشاور سے نامہ نگار دلاور خان وزیر کا کہنا ہے کہ یہ رواں ہفتے میں ڈرون حملے میں غیر ملکی باشندوں کی ہلاکت کا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل سولہ نومبر کو شمالی وزیرستان میں ہی ایک ڈرون حملے میں تین غیر ملکیوں سمیت اٹھارہ افراد مارے گئے تھے۔
واضح رہے کہ امریکہ نے ان خبروں کے سامنے آنے کے بعد کہ شدت پسند یورپی شہروں پر ممبئی کی طرز کے حملے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، پاکستان کے قبائلی علاقوں پر ڈرون حملوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا ہے اور یہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ امریکہ ان حملوں کا دائرہ وسیع کرنا چاہتا ہے۔
تاہم پاکستان نے گزشتہ روز ہی کہا ہے کہ ڈرون حملوں کے دائرے کو بڑھانا کسی طور پر پاکستان کو قابلِ قبول نہیں ہے اور یہ حملے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں میں مددگار ثابت نہیں ہو رہے ہیں۔















