محافظ اور بیٹا جھلس گئے

صدر آصف علی زرداری کے سیاسی امور کے مشیر سینیٹر فیصل رضا عابدی کا محافظ نعیم بیٹے اور والد سمیت ایک احتجاج کے دوران جھلس گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کانسٹیبل نعیم موٹر سائیکل پر اپنے والد وسیم اور بیٹے نادر کے ساتھ کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ سے ابوالحسن اصفہانی روڈ کی طرف جا رہے تھے کہ سچل تھانے کی حدود میں کچھ لوگ رینجرز اور پولیس کے چھاپوں کے خلاف ٹائر نذر آتش کر کے احتجاج کر رہے تھے۔
ایس پی گلشن اقبال نعیم شیخ کا کہنا ہے کہ کانسٹیبل نعیم سمیت تینوں پینٹ شرٹ پہنے ہوئے تھے، احتجاج کے دوران انہوں نے اپنا تعارف کرایا اور آگے بڑھنے کی کوشش کی جس پر مظاہرین میں سے کچھ مشتعل نوجوانوں نے ان کی طرف تیزاب کی بوتلیں پھینکیں جس سے کانسٹیبل نعیم والد اور بیٹے سمیت زخمی ہوگئے ہیں۔
تینوں زخمیوں کو سول ہپستال کے برنس وارڈ پہنچایا گیا ہے۔
کراچی میں بی بی سی کے نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ نعیم کے والد ریتی بجری کی فراہمی کا کام کرتے ہیں اور اسی سلسلے میں وہ سہراب گوٹھ آئے تھے۔
دوسری جانب صوبہ سندھ کے وزیراعلیٰ سید قائم علی شاھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ملزمان کی گرفتاری کا حکم جاری کیا ہے۔















