گورنر بلوچستان پر حملہ

ذوالفقار مگسی
،تصویر کا کیپشنصوبائی سیکریٹری داخلہ کے مطابق ان حملوں کے بعد گورنر کے لیے حفاظتی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں
وقت اشاعت

بلوچستان کے گورنر نواب ذوالفقار مگسی قلات کے قریب فائرنگ اور بم دھماکے کے دو مختلف حملوں میں بال بال بچ گئے ہیں۔

حکام کے مطابق پولیس نے واقعے کے بعد فائرنگ کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے دھماکے کی وجہ ریموٹ کنٹرول بم بتائی ہے۔

نواب ذوالفقار مگسی منگل کی شام گاڑیوں کے ایک قافلے میں قلات سے کوئٹہ کی طرف جا رہے تھے کہ اس دوران منگوچر کے مقام پر نامعلوم افراد کی جانب سے نصب بم اس وقت پھٹا جب وہ وہاں سے گزر چکے تھے۔ اسی وجہ سے گورنر اور ان کے عملے کے ارکان محفوظ رہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس حکام کے مطابق یہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول بم سے ہوا ہے۔

اس سلسلے میں صوبائی سیکریٹری داخلہ اکبر حسین درانی نے بی بی سی کو بتایا کہ دھماکے کے بعد ڈپٹی کمشنر قلات کی گاڑی پر بھی فائرنگ کی۔

پولیس نے فائرنگ کے الزام میں ایک شخص ہدایت اللہ کو موقع پرگرفتار کیا ہے۔

صوبائی سیکریٹری داخلہ کے مطابق ان حملوں کے بعد گورنر کے لیے حفاظتی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

آخری اطلاعات تک کسی گروپ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی تھی۔