بھارتی غزہ کارواں کی پاکستان آمد

فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بھارتی سول سوسائٹی کے ارکان پر مشتمل ایشیائی غزہ کاررواں اتوار کے روز پاکستان پہنچ گیا۔ کاررواں میں سماجی کارکن اور طلبہ شامل ہیں۔
اس سے پہلے بھارتی حکومت نے اس کاررواں میں شامل افراد کو ویزے ہونے کے باوجود پاکستان جانے کی اجازت نہیں دی تھی۔
چھبیس افراد پر مشمل یہ کاررواں واہگہ کے راستے لاہور پہنچا اور کاررواں میں افراد جب پاکستانی حدود میں داخل ہوا تو انہوں نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے۔
پاکستانی سول سوسائٹی کے ارکان نے نعرے لگا کر کاررواں کے کارکنوں کا استقبال کیا اور ان کو پھولوں کے ہار پہنائے۔
بھارتی سول سوسائٹی کے اراکین پر مشتمل اس کاررواں نے غزہ جانے کے لیے جن ممالک سے گزرنا ہے ان میں پاکستان میں شامل تھا، لیکن سنیچر کے روز بھارتی حکومت کی طرف سے کاررواں میں شامل افراد کو امرتسر اور لاہور کے درمیان واہگہ چیک پوسٹ پیدل پار کرنے کی اجازت نہیں دی۔
لاہور سے نامہ نگار عبادالحق کے مطابق کاررواں کے ارکان کا کہنا ہے کہ ان کو ان کے احتجاج کی وجہ سے پاکستان آنے کی اجازت ملی ہے اور یہ ان کی دوسری کامیابی ہے کیونکہ ان کے بقول ان کی پہلی کامیابی پاکستان آنے کے لیے ویزے کا حصول تھا۔
بھارتی کاررواں کی سربراہ راکھی سہگل کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب ایشیائی ممالک کا کاررواں غزہ جائے گا اور اسی لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کاررواں ایشیائی ممالک سے گزرتے ہوئے ز مینی راستے استعمال کرتے ہوئے غزہ پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کاررواں تمام ایشیائی ممالک سے گزرے گا تاکہ غزہ کے عوام کو یہ پیغام دیا جائے تمام ایشیائی ممالک ان کے ساتھ ہیں اور اس معاملے پر ایشیائی ممالک کا اتحاد ہوگیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
راکھی سہگل نے بتایا کہ پاکستانی حکومت کی طرف سے کاررواں میں شامل افراد کو پاکستان سے ایران جانے کی اجازت نہیں ملی جس کی وجہ سے یہ کاررواں علامتی طور پر پاکستان آیا ہے تاکہ کاررواں میں شامل افراد یہاں کے لوگوں سے اظہار یک جہتی کرسکیں۔
انہوں نے بتایا کہ غزہ جانے والے تمام ایشیائی ممالک کے لوگ ایران میں اکٹھے ہونگے جس کے بعد منزل کی طرف سفر شروع کیا جائےگا۔
سول سوسائٹی کے رکن اور لیبر پارٹی کے رہنما فاروق طارق نے کاررواں کی پاکستان آمد پر خوشی اظہار کیا اور کہا کہ ہماری یہ کوشش تھی کہ پاکستان اور بھارت کے لوگ ملکر فلسطین کے عوام کے لیے جدوجہد کریں اور بقول ان کے انہوں اس میں کامیاب ہوئی ہے۔
فاروق طارق نے بتایا بھارتی کاررواں کے ارکان ایک رات کے پڑاؤ کے بعد کل سوموار واپس بھارت چلے جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان سے بارہ افراد غزہ جارہے ہیں ان میں کراچی کے چھ جبکہ لاہور اور راولپنڈی سے تین، تین افراد شامل ہیں۔
فاروق طارق کے مطابق پاکستان سے غزہ جانے والے افراد کل سوموار کو کوئٹہ جائیں گے جہاں یہ افراد ایران کے روانہ ہوں گے۔ واہگہ چیک پوسٹ کی حددو کے باہر بھارتی کاررواں میں شامل افراد نے فلسطبین کا پرچم ان پاکستان کے سپرد کیا جو پاکستان سے غزہ جارہے ہیں۔



















