گلگت: آگ لگنے سے تین بچیاں ہلاک

فائل فوٹو
وقت اشاعت

گلگت بلتستان میں حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کے لیے قائم خیمہ بستی میں واقع ایک خیمے میں آگ لگنے سے تین بچیاں ہلاک جبکہ چار خواتین زخمی ہوگئی ہیں۔

یہ واقعہ گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے دور دراز علاقے چوکی جوت میں جمعہ کی رات کو اس وقت پیش آیا جب خاندان کے لوگ سوئے ہوئے تھے۔

دیامر میں پولیس کا کہنا ہے کہ خیمے میں موجود خاندان نے سردی سے بچاؤ کے لیے انگیٹھی جلائی ہوئی تھی کہ اچانک خیمے کو آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں پولیس کے مطابق تین بہنیں ہلاک ہوگئیں ہیں۔

ہلاک ہونے والوں میں ایک بچی کی عمر تین ماہ جبکہ دوسری دو کی عمریں آٹھ اور دس سال بتائی جاتی ہیں۔

پولیس کے مطابق اس واقعہ میں ہلاک ہونے والی بچیوں کی والدہ اور ان کی دو بہنوں سمیت چار خواتین بھی زخمی ہوگئی ہیں۔ زخمیوں کو مقامی سپتال میں داخل کیا گیا ہے جہان اُن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

اسلام آباد میں بی بی سی کے نامہ نگار ذوالفقار علی کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں شدید سردی پڑتی ہے اور اکثر علاقوں میں لوگ سردی سے بچاؤ کے لئے انگھیٹی کا استعال کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں اس سال جولائی میں آنے والے سیلاب کی وجہ دو کروڑ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے تھے اور چار ماہ گزرنے کے باجود اب بھی بہت سارے لوگ خمیوں میں رہنے پر مجور ہیں۔