مہمند ایجنسی: بارودی سرنگ کا دھماکہ

پاکستان کے قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں حکام کے مطابق ایک بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک اہلکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے ہیں۔
مہمند ایجنسی میں ایک اعلی سرکاری اہلکار نے بی بی سی کے نامہ نگار دلاورخان وزیر کو بتایا کہ سنیچر کو صدر مقام غلنئی کی تحیصل صافی میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کے دوران ایک فوجی قافلے پر بارودی سرنگ کا حملہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں ایک اہلکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شدت پسندوں کے خلاف کارروائی جاری ہے لیکن تازہ کارروائی میں کسی شدت پسند کے ہلاکت کی تاحال اطلاع نہیں ملی ہے۔
اہلکار کے مطابق شدت پسندوں کے خلاف کاروائی میں توپخانے کو بھی استعمال کیا جارہا ہے۔
سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی ہے۔ انہوں نے دعوی کیا ہے کہ قافلے پر دو ریموٹ کنٹرول سے بم حملے کیے گئے ہیں جس کے نتیجہ میں دو اہلکار ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں۔
گزشتہ روز مہمند ایجنسی کے ایک اور تحصیل خوئیزئی بائیزئی میں سکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کی تھی جس کے نتیجہ میں حکام کے مطابق چالیس سے زیادہ شدت پسند مارے گئے تھے۔
حکام کا کہنا تھا کہ کاروائی کے دوران شدت پسندوں کے کئی اہم ٹھکانے تباہ ہوگئے تھے اور مختلف ٹھکانوں سے بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
دریں اثناء باجوڑ ایجنسی میں گزشتہ روز ہونے والے ایک خودکُش حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد چھیالیس تک پہنچ گئی ہے اور زخمیوں کی تعداد ایک سو سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پورے باجوڑ ایجنسی میں فضاء انتہائی سوگوار ہے اور لوگوں بڑی تعداد میں فاتحہ خوانی کے لیے ان کے گھروں میں جا رہے ہیں۔



















