پاکستان:ڈرون حملہ غیر ملکیوں سمیت اٹھارہ ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں پائلٹ کے بغیر اڑنے والے امریکی جاسوس طیاروں کے دوحملوں میں اٹھارہ افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے ہیں۔
میرانشاہ میں ایک سرکاری اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ پیر کی صبح نو بج کر پچپن منٹ پر میرانشاہ بازار سے پندرہ کلومیٹر دور شمال مغرب کی جانب شیراتلہ کےعلاقے زاڑہ میلہ میں امریکی جاسوس طیارے نےایک گاڑی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ امریکی جاسوس طیارے سے پہلے دو میزائل داغےگئے جوگاڑی کے قریب گِر کر پھٹ گئے۔ اس حملے میں ایک شخص زخمی ہوا۔
سرکاری اہلکار نے بی بی سی کے نامہ نگار دلاور خان وزیر کو بتایا کہ اِس حملے کے بعد گاڑی میں سوار افراد نےگاڑی سے اتر کر اِدھر اُدھر بھاگنے کو کوشش کی، اور اسی دوران مزید دو ڈرون طیارے اُسی علاقے میں پہنچ گئے۔
اہلکار کے مطابق، ڈرون طیاروں نے بھاگنے والے افراد کو نشانہ بنایا اور ہر ایک کو الگ الگ میزائل مار کر ہلاک کیا۔
انہوں نے کہا کہ بعد میں ڈرون طیارے نےایک اور میزائل کھڑی گاڑی پر فائر کیا جس سےگاڑی بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
اہلکار کے مطابق اس حملے کے کچھ دیر بعد تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے چودہ جنگجووں ایک اور گاڑی میں جائے وقوعہ آئے تھے کہ راستے ہی میں امریکی جاسوس طیاریں سے گاڑی کو نشانہ بنایا گاڑی میں سوار چودہ جنگجووں ہلاک ہوگئے ان کا کہنا تھا کہ پہلے حملے ہلاک ہونے والے غیر ملکی عرب تھے اور دوسری گاڑی میں ہلاک ہونے والے محسود قبائل تھے جو بیت اللہ گروپ کے جنجگو بتائے جاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تحریک طالبان پاکستان کے ہلاک ہونے والے جنگجووں میں کئی اھم شخص شامل ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سرکاری اہلکار نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں کی قومیت تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ البتہ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گاڑی میں سوار تمام افراد غیرملکی تھے تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
یاد رہے کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، اس میزائل حملے کے بعد شمالی اور جنوبی وزیرستان میں اس سال ہونے والے ڈرون حملوں کی تعداد ایک سو تک پہنچ گئی ہے۔



















