کارکردگی: سندھ اراکینِ اسمبلی کے لیے سوالنامہ

آصف علی زرداری
،تصویر کا کیپشناراکینِ اسمبلی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹروں کو جواب دینے کے لیے تیار رہیں: زرداری
وقت اشاعت

پاکستان کے صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سندھ کے اراکین اسمبلی کی جواب طلبی کی جائیگی۔

صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق انہوں نے اپنی پارٹی کے اراکین اسمبلی کو اتحادی جماعتوں کے بارے میں اشتعال انگیز بیانات دینے سے منع کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ جلد اتحادیوں کی غلط فہمیاں دور کی جائیں گی۔

کراچی میں پارٹی کے منتخب اراکین اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت کے تمام اراکین اسمبلی کو ایک سوالنامہ دیا جائیگا جس میں انہیں بتانا ہوگا کہ انہوں نے اپنے حلقے کے لوگوں کے لیے کیا کام کیا؟

انہوں نے اراکین کو بتایا کہ وہ اس سوالنامے میں اپنے حلقے کے ترقیاتی کاموں، ان میں حائل رکاوٹوں اور ادھورے منصوبوں کے بارے میں بھی بتائیں۔

صدر زرداری کا کہنا تھا کہ عام انتخابات دو سال کے بعد ہوں گے، اراکین اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹروں کو جواب دینے کے لیے تیار رہیں۔

صدر زرداری کو صوبے میں امن امان کی صورتحال کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے امن امان کی صورتحال بہتر بنانے اور اس بارے میں انہیں پیش رفت سے آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سندھ پولیس کو اندرون سندھ بحالی امن کے لیے بکتر بند گاڑیاں اور ہیلی کاپٹر فراہم کیے جائیں، جو تمام تھانے استعمال کریں گے۔

صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق صدر زرداری نے گھوٹکی میں مظاہرین کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کے واقعے کا بھی نوٹس لیا، اور اس حوالے سے رپورٹ طلب کر لی۔