شمالی وزیرستان: ڈرون حملے میں پانچ ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں ایک امریکی ڈرون حملے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں جن کے بارے میں حکام کا دعویٰ ہے کہ وہ شدت پسند تھے۔
شمالی وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ کے قریب ہونے والے اس حملے میں گاڑیوں کے ایک قافلے پر ڈرون سے دو میزائل داغے گئے۔
سکیورٹی حکام کا دعویٰ ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد شدت پسند تھے۔
دو ہزار دس میں اس طرح کے سو سے زائد حملے ہوئے جن میں سے زیادہ تر شمالی وزیرستان ہی میں ہوئے جسے طالبان اور القاعدہ کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔
جمعے کو ہونا والا حملہ میران شاہ سے پندرہ کلو میٹر کے فاصلے پر واقع گاؤں غلام خان میں ہوا۔
امریکی صدر باراک اوبامہ کے دور حکومت میں ان ڈرون حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ان حملوں میں طالبان اور القاعدہ کے کئی شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں لیکن ان میں عام لوگوں کی ہلاکت کا بھی الزام عائد کیا جاتا ہے۔















