لاہور دھماکہ، ایک ہلاک 27 زخمی

لاہورمیں مینار پاکستان کے نزدیک ایک مزار پر بم دھماکے میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور ستائیس زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق دھماکہ ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔
ڈی سی او واحد چیمہ نے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد کی تصدیق کی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک رکشہ ڈرائیور اظہر سلیم شامل ہے۔
لاہور سے نامہ نگار علی سلمان کےمطابق، دربار حیدر سائیں بادامی باغ کے لاری اڈے کے راستے میں واقع ہے اور دربار کے سامنے سے گزرنے والی بسوں اور ویگنوں کے اکٹرڈرائیور اس مزار پر پیسوں کی نذر سفر کا اہم فریضہ سمجھ کر دیتے ہیں۔
جمعرات کو دربار حیدر سائیں پر تین روزہ عرس کا دوسراروز تھا اور لنگر بانٹا جارہا تھا جب اس کے مین گیٹ کے نزدیک ایک زور دار دھماکہ ہوا۔ ایک زخمی نے بتایا کہ وہ لنگر لیکر ہٹا ہی تھا کہ زوردار دھماکہ ہوگا لوگ خون میں لت پت ہوگئے خود اسے بھی چوٹ لگی قریب ہی ریسکیو کا دفتر تھا جو اسے لیکر ہپستال آگیاہے۔ زخمی نے کہا کہ دو افراد تو ایسے تھے جو مردہ ہی لگ رہے تھے۔
دھماکے بعد زخمیوں کو میو اور نواز شریف ہسپتال منتقل کیا گیا ایک زخمی موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ سول ڈیفنس بم ڈسپوزل کے عملے کے مطابق یہ ٹائم ڈیوائس بم تھا اور دھماکہ خیز مواد ایک سے ڈیڑھ کلو تھا۔ دھماکے سے فرش میں گڑھا پڑگیا ہے۔
اس سے پہلے بھی لاہور، کراچی، ساہیوال اور خیبر پختونخواہ میں مزاروں پر بم دھماکے اور خود کش حملے ہوچکے ہیں جن میں کئی درجن افراد ہلاک ہوئے۔ پولیس نے دربار بابا حیدر سائیں پر بم دھماکے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔















