ریمنڈ کیس: ’وفاق نے مس ہینڈل کیا‘

پاکستان کے صوبہ پنجاب کی حکمران جماعت پاکستان مسلم لیا نواز کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کے معاملے کو ’مس ہینڈل‘ کیا ہے۔
اسلام آباد میں بدھ کو نواز شریف نے یہ بات امریکی سینیٹر جان کیری سے ملاقات کے بعد کہی۔
انہوں نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کے معاملے کو وفاقی حکومت نے سہی طور پر نہیں سنبھالا جس کے باعث اتنی پیچیدگیاں ہو گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے امریکی سینیٹر جان کیری کو بتادیا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کا فیصلہ عدالتیں کریں گی۔
ایک سوال کے جواب میں میاں نواز شریف نے کہا کہ اس پورے معاملے میں پنجاب حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے۔ ’ریمنڈ ڈیوس کے استثنیٰ کا فیصلہ وفاقی حکومت نے کرنا ہے اور اس میں پنجاب حکومت کا کوئی کردار نہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کے معاملے میں تو وفاقی حکومت میں بھی اتفاقِ رائے نہیں ہے۔
ان سے جب پوچھا گیا کہ امریکی شہری کا معاملہ تو انتظامی ہے نہ کہ عدالتی تو نواز شریف نے کہا ’تو عدالتیں کس کام کی ہیں۔‘















