مردان: دیوار گرنے سے آٹھ افراد ہلاک

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر مردان میں ایک کاغذ بنانے کے کارخانے کی دیوار منہدم ہونے سے چار بچوں سمیت آٹھ افراد ہلاک اور بارہ زخمی ہو گئے ہیں۔
مردان پولیس کے اہلکاروں نے بتایا ہے کہ پیپر مل کی چھت پہلے سے گری ہوئی تھی اور کوئی پچیس فٹ اونچی دیوار انتہائی خستہ حال میں تھی۔
پولیس کے مطابق حالیہ بارشوں سے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کو یہ خستہ حال دیوار قریبی کچے مکانات کے اوپر گرنے سے تین مکان بری طرح متاثر ہوئے۔
پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ پار ہوتی کے علاقے میں پیش آیا ہے۔
دیوار گرنے سے ایک ہی مکان کے پانچ افراد ہلاک اور چار زخمی ہوئے ہیں۔اس خاندان کے ہلاک ہونے والے افراد میں میاں بیوی اور تین بچے شامل ہیں۔
دوسرے مکان میں ایک بچے سمیت تین افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں جبکہ تیسرے مکان میں پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
نامہ نگار عزیز اللہ خان کے مطابق حالیہ بارشوں سے صوبہ خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقے متاثر ہوئے ہیں۔
پشاور اور لوئر دیر میں بھی گزشتہ دنوں مکانات کی چھتیں گرنے سے بچوں اور خواتین سمیت پانچ افراد ہلاک ہوئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















