ہنگو: مکان پر میزائل گرنےسے چار ہلاکتیں

،تصویر کا ذریعہAP
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں پولیس کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کی طرف سے فائر کیا گیا ایک مکان پر میزائل گرنے سے چار افراد ہلاک اور سات زخمی ہوگئے ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں دو بچے اور دو خواتین شامل ہیں۔
ہنگو سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ منگل کی شام کو ہنگو شہر سے چند کلومیٹر دور اورکزئی اور کرم ایجنسی کے ایک سرحدی علاقے تورہ اوڑی میں پیش آیا۔
ٹل پولیس کے ڈی ایس پی میر چمن خان نے بی بی سی کو بتایا کہ شدت پسندوں کی طرف سے نامعلوم مقام سے تین میزائل داغے گئے۔ جس میں سے ایک میزائل حمید گل نامی ایک شخص کے مکان پر لگنے سے وہاں موجود چار افراد ہلاک اور سات زخمی ہوگئے۔ہلاک ہونے والوں میں دو بچے اور دو خواتین شامل ہیں۔
پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ میزائل تورہ اوڑی میں قائم سکیورٹی چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کےلیے داغے گئے تھے۔
ان کے مطابق ایک میزائل چیک پوسٹ کے قریب بھی گرا ہے تاہم اس سے کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ میزائل لگنے سے ایک سرکاری سکول کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے تاہم سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
نامہ نگار رفعت اللہ اورکزئی کے مطابق پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ میزائل کس علاقے سے داغے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ تورہ اوڑی ہنگو شہر سے چند کلومیٹر دور ایک سرحدی علاقہ ہے جہاں اورکزئی اور کرم ایجنسی کی حدود قریب قریب واقع ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
چند ماہ قبل سکیورٹی فورسز کی طرف سے اس علاقے میں عسکری تنظیموں کے خلاف محدود پیمانے پر آپریشن بھی کیا گیا تھا تاہم دشوار گزار ہونے کی وجہ سے اس علاقے کو مکمل طور پر صاف نہیں کیا جاسکا تھا۔



















