سیالکوٹ: طوفان سے متعدد افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع سیالکوٹ میں طوفان سے مکانات گرنے کے باعث کم از کم چار افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔
سیلکوٹ کے ضلعی رابط افسر نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ طوفان پاک بھارت سرحد کے قریب ہیڈ مرالہ کے نواحی گاؤں بہادر پور میں آیا۔ انہوں نے اس طوفان میں کم از کم چار افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
تاہم ضلعی پولیس آفیسر بلال کمیانہ نے بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک کو بتایا کہ مکانات گرنے سے گیارہ افراد ہلاک اور پچاس زخمی ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔
ضلعی پولیس افسر کا کہنا تھا کہ گردوغبار کے اس طوفان سے علاقے کے کئی مکانات منہدم ہوگئے جبکہ کچھ کی چھتیں اڑ گئیں۔
حکام کے مطابق زخمی ہونے والوں کو علاقے کے فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
متاثرہ علاقے کے چوہدری ذوالفقار کا کہنا ہے کہ طوفان اتنا شدید تھا کہ انسان اور مویشی اڑ کر ساتھ بہنے والے درائے چناب میں گر گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سات افراد کی لاشوں کو دریا سے نکال لیا گیا ہے جن میں دو عورتیں بھی شامل ہیں۔
چوہدری ذوالفقار کے مطابق اس طوفان سے متاثر ہونے والے علاقوں میں بہادر پور، نذیر پور اور ڈیرہ بھٹیاں شامل ہیں۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد دس ہے اور امدادی کاموں کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کی ٹیم بھی متاثرہ علاقے میں پہنچ گئی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















