لوئر دیر: خودکش حملے میں سات ہلاک

نقشہ
وقت اشاعت

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں بس سٹینڈ میں ہونے والے ایک خودکُش حملے میں سات افراد ہلاک اور بیس سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں باجوڑ ایجنسی سے تعلق رکھنے والے امن کمیٹی کے ایک رضاکار شامل ہیں۔

لوئر دیر میں پولیس اہلکار عزیزاللہ خان نے بی بی سی کو بتایا کہ پیر کو گیارہ بج کر پچاس منٹ پر صدر مقام تیمرگرہ سے تقریباً اٹھارہ کلومیٹر دور مغرب کی جانب مونڈہ کے ایک بس سٹینڈ میں اس وقت ایک خودکُش حملہ آور نے اپنے آپ کو اُڑا دیا جب سٹینڈ میں ایک بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے۔انہوں نےبتایا کہ دھماکے میں پانچ افراد ہلاک جبکہ بیس سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔ اہلکار کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو سِول ہسپتال دیر منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس اہلکار نے نامہ نگار دلاورخان وزیر کو بتایا کے جس جگہ خودکُش دھماکہ ہوا ہے اس کے قریب ایک ’موٹر کار بارگین‘ اور دوسرے کاروباری مراکز موجود ہیں جن کی عمارتوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ خودکُش حملہ آور نے یہاں دھماکہ کیوں کیا البتہ اس دھماکے میں باجوڑ ایجنسی سے تعلق رکھنے والے میں امن کمیٹی کے ایک اہلکار ملک علی اکبر ہلاک ہوئے ہیں۔

پولیس اہلکار نے مزید بتایا کہ خودکُش حملہ آور پیدل تھا اور اس کا سر پولیس اہلکاروں نے تحقیقات کے لیے محفوظ کر لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ امدادی کاروئیوں کے لیے پولیس کے علاوہ ایک بڑی تعداد میں عام شہری بھی پہنچ گئے تھے۔

مونڈہ قبائلی علاقہ باجوڑ ایجنسی سے صرف دو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔جہاں پہلے بھی پولیس اور دوسرے قانون نافد کرنے والے ادراوں پر حملے ہوچکے ہیں۔