چوہدری پرویز الہی نائب وزیراعظم مقرر

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
پاکستان میں وفاقی حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ قاف کے رہنما چوہدری پرویز الہی کو نائب وزیراعظم مقرر کیا گیا ہے۔
پیر کی رات کو کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفیکشن کے مطابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویز الہی کو وزیراعظم کا کوئی اختیار حاصل نہیں ہو گا۔
چوہدری پرویز الہی نائب وزیراعظم بننے سے پہلے وفاقی کابینہ میں وزیر برائے دفاعی پیداوار اور انڈسٹری تھے۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق نوٹیفیکشن فوری طور پر نافذ العمل اور تاحکم ثانی برقرار رہے گا۔
اس سے پہلے ایوان صدر اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں صدر آصف علی زرداری نے مسلم لیگ قاف سے تعلق رکھنے والے آٹھ وفاقی وزراء اور سات وزراء مملکت سے حلف لیا۔
تقریب میں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے علاوہ مسلم لیگ قاف کے سربراہ سینیٹر چوہدری شجاعت حسین، اراکین پارلیمنٹ اور اعلی حکام بھی موجود تھے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے وزیراعظم گیلانی کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد حکمران جماعت پیپلز پارٹی نے اپنی اتحادی جماعتوں سے مشاورت اور ان کی رضامندی سے راجہ پرویز اشرف کو وزارتِ عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا تھا اور وہ قومی اسمبلی سے دو سو گیارہ ووٹ لے کر وزیراعظم منتخب ہو گئے تھے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے انتخاب کے حوالے سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ قاف کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے تناظر میں نائب وزیراعظم کا عہدہ تخلیق کیا گیا اور مسلم لیگ قاف کے گیلانی دور حکومت سے زیادہ رہنماوں کو وفاقی کابینہ میں شامل کیا گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ گزشتہ سال مئی میں حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی اور حزب اختلاف کی دوسری بڑی جماعت مسلم لیگ قاف کے درمیان شراکت اقتدار پر سمجھوتہ طے پانے کے بعد مسلم لیگ قاف نے مرکز میں پیپلز پارٹی میں حکومت میں شمولیت اختیار کی تھی اور اس وقت مسلم لیگ قاف کے سات وفاقی وزراء اور سات وزرائے مملکت نے حلف اٹھایا تھا۔
اس وقت بھی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ مسلم لیگ قاف کے سینیئر رہنما چوہدری پرویز الہی جو سابق فوجی صدر پرویز مشروف کے دور میں وزیراعلیٰ پنجاب تھے کو نائب وزیراعظم کا عہدہ دیا جا رہا ہے۔ تاہم بعد میں انہیں سینیئر وفاقی وزیر کا عہدہ دیا گیا تھا۔



















