کراچی، امریکی شہری ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, ریاض سہیل
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
- وقت اشاعت
کراچی کی ایک عدالت نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سےاسلحہ سمیت گرفتار ہونے والےامریکی شہری کو چار دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کےحوالے کر دیا ہے۔
امریکی شہری جوئل کوکس کو پیر کے روز کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نائن ایم ایم پستول کی پندرہ سے زائد گولیاں سمیت گرفتار کیا تھا۔
پاکستان میں امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ کراچی سے ایک امریکی شہری کوگرفتار کیاگیا ہے اور وہ اس سلسلے میں پاکستانی حکام سے تعاون کر رہے ہیں۔
پولیس نے جوئل کاکس کو جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر، آدم سنگھار کی عدالت میں پیش کیا۔
پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے خلاف سندھ آرمز ایکٹ کےتحت مقدمہ درج کیاگیا ہے اور انہیں تفتیش کے لیے مزید وقت درکار ہے۔
عدالت نے پولیس کی درخواست قبول کرلی اور چار روز کے لیے ملزم کو پولیس حوالے کر دیا۔
کراچی ایئرپورٹ پر سکیورٹی حکام نے ایک امریکی شہری جوئل کوکس کے بیگ سے میگزین سمیت نائن ایم ایم پستول کی 15 سے زائد گولیاں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ جوئل کراچی سے اسلام آْباد جا رہے تھے کہ سکیننگ کے دوران ان کے بیگ میں گولیاں پائی گئیں۔
ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ تھانے میں مقدمہ درج کر کے گولیوں کو فورنسک تجزیے کے لیے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کراچی میں امریکی قونصل خانے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ صورتِ حال سے آگاہ ہیں اور وہ حکومتِ پاکستان سے مکمل تعاون کر رہے ہیں۔
ان کے مطابق جوئل کوکس پاکستان میں سفارتخانے کے ملازم نہیں ہیں اور وہ دورے پر یہاں آئے تھے۔ ان کی پرائیوسی رائٹس کی وجہ سے وہ مزید تفصیلات نہیں بتا سکتے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے لاہور سے ریمنڈ ڈیوس نامی ایک اہلکار کو فائرنگ اور دو شہریوں کے قتل کے الزام میں گرفتار کیاگیا تھا۔ ان کی آزادی دیت کی ادائیگی کے بعد عمل میں آئی تھی۔



















