بھارت میں پاکستانی سفارت کارروں کو دھمکیاں

بھارتی حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ معاملہ کی تفتیش کر کے پاکستان کو آگاہ کریں: ترجمان
،تصویر کا کیپشنبھارتی حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ معاملہ کی تفتیش کر کے پاکستان کو آگاہ کریں: ترجمان
    • مصنف, ارم عباسی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
  • وقت اشاعت

پاکستانی دفترِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ بھارت میں پاکستان کے سفارتخانے کو دھمکی آمیز خطوط موصول ہوئے ہیں۔

دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطوط موصول ہونے کے بعد پاکستان نے بھارت سے کہا ہے کہ وہ پاکستانی سفارتی عملے کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

خطوط کےمتن کے بارے میں پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان نے بتایا ’خطوط میں کہاگیا ہے کہ وہ بھارت میں مقیم پاکستانی عملے کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیں گے اور پاکستان میں خود کش بمبار بھیجےگئے ہیں۔‘

پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ دھمکی آمیز خطوط کس تنطیم نے بھیجے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ بھارتی حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ معاملہ کی تفتیش کر کے پاکستان کو آگاہ کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ’یہ ہر میزبان ملک کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ ملک میں مقیم سفارتی مشن کے عملے کو تحفظ فراہم کرئے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ معاملہ کی تحہ تک پہنچے گا۔‘

انہوں نے بتایا کہ ان خطوط کے باوجود بھارت میں پاکستان کے سفارتخانے میں معمول کے مطابق کام چل رہا ہے۔

خیال رہے ماضی میں بھی پاکستانی سفارتخانے کو بھارت میں دھمکی آمیزر خطوط اور ٹیلی فون کالز موصول ہو چکی ہیں۔