’شیشے پر پابندی میں کوئی نرمی نہیں ہوگی‘

شیشے کا کش لگانا اتنا ہی نقصان دہ ہے جتنا کہ سگریٹ پینا خطرناک ہے
،تصویر کا کیپشنشیشے کا کش لگانا اتنا ہی نقصان دہ ہے جتنا کہ سگریٹ پینا خطرناک ہے
وقت اشاعت

پارلیمانی سیکریٹری برائے انسدادِ منشیات اور داخلہ امور مریم اورنگزیب نے جمعرات کو قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ شیشے پر پابندی کے حوالے سے کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

انھوں نے یہ بات رکن قومی اسمبلی چوہدری خادم حسین کی طرف سے دائر کیے گئے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں کہی۔ جس میں اسلام آباد کے نوجوانوں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کے بارے میں خبردار کیا گیا ہے۔

پارلیمانی سیکریٹری نے کہا کہ اگر کسی کو کہیں بھی کسی شیشا کیفے کے موجود ہونے کی اطلاع ہے تو وہ حکومت کی طرف سے دیے گئے ٹول فری نمبر پر فون کر کے اطلاع دیں۔

مریم اورنگزیب نے مذید کہا کہ اس حوالے سے انسدادِ منشیات کی ایک مخصوص ٹاسک فورس بھی تشکیل دی گئی ہے جو شہر کے اندر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔ اس کے علاوہ یہ فورس سکول اور کالجوں میں بھی منشیات کے حوالے سے شعور پیدا کرنے میں مصروف ہے اور جون کے مہینے سے ایک نئی مہم کا آغاز کیا جائے گا ۔

انھوں نے بتایا کہ ماضی میں اس قسم کی کوئی کمیٹی موجود نہیں تھی تاہم موجودہ حکومت اس معاملے کو سنجیدہ طور پر لے رہی ہے۔ پارلیمانی سیکریٹری کا کہنا تھا کے ملکی سرحدوں پر بھی اس سلسلے میں مکمل نگرانی کی جارہی ہے۔

سکول اور کالجوں میں بھی منشیات کے حوالے سے شعور پیدا کرنے کے لیے جون کے مہینے سے ایک نئی مہم کا آغاز کیا جائے گا
،تصویر کا کیپشنسکول اور کالجوں میں بھی منشیات کے حوالے سے شعور پیدا کرنے کے لیے جون کے مہینے سے ایک نئی مہم کا آغاز کیا جائے گا

شیشہ عربی طرز کا حقہ ہے جس میں گرم پانی اور پائپ کے ذریعے تمباکو کو کوئلہ کے ذریعہ جلاتا ہے اور جس کا دھواں بھرپور کش کے ذریعہ اندر کی جانب کھینچا جاتا ہے۔

شیشہ پینے والا جب کش لیتا ہے تو دھوئیں کے اندر تمام زہریلے مادے پانی سے ہوتے ہوئے دھوئیں کی شکل میں انسانی جسم میں داخل ہوجاتے ہیں۔

برطانوی ادارے ٹوبیکو کنٹرول ریسرچ کا کہنا ہے کہ شیشے کا کش لگانا اتنا ہی نقصان دہ ہے جتنا کہ سگریٹ پینا خطرناک ہے۔ تازہ ترین ریسرچ کے مطابق ایسے لوگوں میں کاربن مونو آکسائیڈ کا لیول سگریٹ نوشوں کی نسبت چار سے پانچ گنا تک زیادہ ہو سکتا ہے اور کاربن مونو آکسائیڈ کی غیر معمولی مقدار دماغ کے لیے نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔