بلوچوں کے مری قبیلے کے ایک اور سردار

20 جون کو نواب خیر بخش مری کے بڑے صاحبزادے نوابزادہ جنگیز مری کو مری قبیلے کا نواب مقرر کر دیا گیا تھا
،تصویر کا کیپشن20 جون کو نواب خیر بخش مری کے بڑے صاحبزادے نوابزادہ جنگیز مری کو مری قبیلے کا نواب مقرر کر دیا گیا تھا
    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
  • وقت اشاعت

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے بلوچ قبائل میں سے ایک بڑے اور جنگجو قبیلے مری کے سربراہ کے طور پر نواب خیر بخش مری کے ایک اور بیٹے مہران مری کا نام سامنے آیا ہے۔

کوئٹہ میں میڈیا کے دیگر اداروں کی طر ح بی بی سی کو ای میل پر بھیجے جانے والے ایک بیان میں مری قبیلے کی ذیلی شاخوں کے ان افراد کے نام دیے گئے ہیں جنھوں نے زعمران عرف مہران مری کو قبیلے کا نواب مقرر کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ صلاح اور مشورے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا تاہم بیان میں اس مقام کا ذکر نہیں جہاں یہ صلاح مشورہ کیا گیا۔

گذشتہ ماہ نواب خیر بخش مری کے وفات کے چند روز بعد کوئٹہ میں مری قبیلے سے تعلق رکھنے والے عمائدین کے ایک اجتماع میں نواب مری کے بڑے بیٹے اور صوبائی وزیر جنگیز مری کو نواب مقرر کیا گیا تھا۔

اس طرح نواب مری خاندان سے دو افرد کے نام قبیلے کے سربراہ کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ نواب خیر بخش مری کے ایک بیٹے نوابزادہ بالاچ مری 2007 میں مسلح مزاحمت کی قیادت کرتے ہوئے مارے گئے تھے۔

نواب مری کے باقی پانچ بیٹوں میں جنگیز مری، گزین مری، حیر بیار مری، مہران مری اور ہنزہ مری شامل ہیں۔

نواب مری کے باقی بیٹوں نے جنگیز مری کی قبیلے کی سربراہ کی حیثیت سے تقرری کو مسترد کیا ہے۔

مہران مہری کو قبیلے کا سربراہ مقرر کرنے کے حوالے سے بیان میں جن عمائدین کا ذکر کیا گیا ہے ان کا تعلق مری قبیلے کی گیارہ ذیلی شاخوں سے ہے۔

ان عمائدین کے بیان کے مطابق’ریاست کی جانب سے جنگیز مری کی دستار بندی ان لوگوں کے ذریعے کی گئی جو کل تک نواب خیر بخش مری کو مری قبیلے کا سردار اور قبائلی نظام کو ماننے سے انکاری تھے۔‘

بیان میں کہا گیا ہے نواب مری نے جنگیز مری کو اپنی زندگی میں قبائلی اختیارات سے بے دخل کر دیا تھا۔

لیکن جنگیز مری کو نواب کی حیثیت پگڑی پہنانے والے ایک عمائد شاہ زمان مری یہ سمجھتے ہیں کہ نوابی ان کا حق ہے۔

مہران مری کو قبیلے کا سربراہ مقرر کرنے والے عمائدین کا کہنا ہے کہ اس سوگوار اور سنگین صورتحال میں مری قبیلے کو ایک ایسے رہبر اور سردار کی ضرورت ہے جو کہ نہ صرف قبیلے کو منظم و مضبوط کرے بلکہ بلوچ قومی تحریک میں نواب خیر بخش مری کے مشن کو آگے لے کر چلے۔

بیان کے مطابق اس پس منظر میں ان قبائلی معتبرین نے نواب خیر بخش مری کے قبیلے اور بلوچ قوم کے نام پیغامات اور ان کی وصیت کا تفصیلی مطالعہ کرنے کے بعد اس فیصلے کا اعلان کیا ہے کہ نوابزادہ مہران مری کو نواب خیر بخش مری نے اپنا قبائلی جانشین قرار دیا تھا۔

کوئٹہ سے شائع ہونے اخبارات میں نوابزادہ گزین مری کے شائع ہونے والے بیان میں مہران مری کو قبیلے کا سردار منتخب کرنے کے فیصلے کی توثیق کی ہے جبکہ نوابزادہ براہمدغ بگٹی اور میر جاوید مینگل نے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔