بنوں اور کوہاٹ میں فائرنگ اور جھڑپ، سات ہلاک

پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے
،تصویر کا کیپشنپولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے
    • مصنف, عزیز اللہ خان
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
  • وقت اشاعت

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہروں بنوں اور کوہاٹ میں جھڑپ اور فائرنگ کے نتیجے میں تین شدت پسند اور کسٹمز کے چار اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

بنوں سے ایک پولیس اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ سیکیورٹی فورسز علاقہ جانی خیل میں سرچ آپریشن کر رہی تھیں کہ اس دوران شدت پسندوں نے ان پر فائرنگ شروع کردی۔

اہلکاروں نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی اور اس جھڑپ میں تین شدت پسند ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے۔

ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ اہلکاروں نے زخمی شدت پسند کو گرفتار کر لیا ہے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے جانی خیل اور اس کے قریبی علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن کچھ دنوں سے جاری تھا۔

جانی خیل کا علاقہ بنوں کے جنوب میں 20 کلومیٹر دور واقع ہے اور اس کی سرحد شمالی وزیرستان ایجنسی سے ملتی ہیں۔ جانی خیل کا کچھ علاقہ ایف آر بنوں میں شامل ہے ۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے شہر کوہاٹ میں نامعلوم افراد نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب فائرنگ کر کے کسٹمز کے چار اہلکاروں کو ہلاک اور ایک کو زخمی کر دیا ہے۔

کوہاٹ میں ہنگو روڈ پر کسٹمز کی چیک پوسٹ پر معمول کی تلاشی جاری تھی جب نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے چار اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔

حکام کے مطابق نامعلوم افراد نے ہنگو روڈ پر واقع ایک سی این جی سٹیشن پر تعینات گارڈ کو زدوکوب کر کے اس سے اسلحہ چھینا۔

اس کے بعد وہ افراد سٹیشن سے روانہ ہوئے اور جب ان کو چیک پوسٹ پر روکا گیا تو انھوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔

پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد حملہ آور پیدل فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے اہلکاروں کا تعلق کوہاٹ اور کرک سے تھا۔