قومی اسمبلی کے سپیکر کا انتخاب پیر کو

وقت اشاعت

پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر کا انتخاب پیر کو ہوگا جس کے لیےکاغذاتِ نامزدگی آج دوپہر 12 بجے تک سیکریٹری قومی اسمبلی کو جمع کرائے جا سکتے ہیں۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق کوئی بھی امیدوار پیر کو قومی اسمبلی کی کارروائی شروع ہونے سے پہلے اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لے سکتا ہے۔

واضح رہے کہ یہ عہدہ الیکشن ٹربیونل کی جانب سے سردار ایاز صادق کی رکنیت منسوخ قرار دیے جانے کے بعد خالی ہوا تھا۔

ادھر وزیرِاعظم نوازشریف نے اپنی جماعت کی جانب سے سردار ایازصادق کوسپیکر قومی اسمبلی کا امیدوار نامزد کردیا۔

نواز شریف نے سنیچر کو مسلم لیگ (نواز) کے نو منتخب رکنِ قومی اسمبلی سردار ایازصادق سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیرِاعظم نے کہا کہ پارلیمان میں جمہوری اقدار کے فروغ میں ایاز صادق کا کردار قابلِ تحسین ہے۔

نواز شریف نے امید ظاہر کی کہ ایاز صادق مستقبل میں پارلیمانی روایات برقرار رکھیں گے۔

خیال رہے کہ الیکشن ٹریبیونل نے پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کی درخواست پر قومی اسمبلی کے حلقے این اے 122 میں دوبارہ انتخابات کروانے کا حکم دیا تھا۔

ایاز صادق نے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج نہیں کیا تھا اور 11 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار کو شکست دی تھی۔

پاکستان تحریکِ انصاف نے قومی اسمبلی کے سپیکر کے عہدے کے لیے شفقت محمود کو اپنا اُمیدوار نامزد کیا ہے۔