’مودی جی 2030 میں چاند زمین پر ہی لے آئیں گے‘

،تصویر کا ذریعہTWITTER
کانگریس پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی آج کل انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی کے بارے میں مسلسل بات کر رہے ہیں۔
راہول گاندھی اس حوالے سے عوامی جلسوں اور سوشل میڈیا کا سہارا بھی لے رہے ہیں۔
ایسا ہی کچھ انھوں نے بدھ کو بھی کیا اور وزیراعظم نریندر مودی کے بارے میں دو ٹویٹس کر ڈالیں۔
یہ بھی پڑھیے

اپنی ٹویٹ میں راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ ’مودی جی آپ کی جماعت گذشتہ 22 سالوں سے حکومت میں ہے اور اب بھی آپ کا کہنا ہے کہ 2022 تک گجرات سے غربت کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔‘
انھوں نے مزید لکھا کہ ’میں آپ کو نریندر مودی کی اگلی بات بتاتا ہوں، 2025 تک مودی جی گجرات کے ہر فرد کو چاند پر جانے کے لیے راکٹ دیں گے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس کے بعد راہول گاندھی نے ایک اور ٹویٹ کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’2028 میں مودی جی گجرات کے ہر شخص کو چاند پر ایک مکان دیں گے اور پھر 2030 میں مودی جی چاند ہی کو زمین پر لے آئیں گے۔‘
خیال رہے کہ نریندر مودی اور ان کی گجرات میں ریاستی حکومت راہول گاندھی کے نشانے پر ہے۔
راہول گاندھی نے ایک عوامی اجلاس میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینیئر رہنما اور وزیر اعظم نریندر مودی کے نزدیکی ساتھی امِت شاہ کے بیٹے جے امِت شاہ کے حوالے سے نریندر مودی پر تنقید کی اور کہا کہ جے امت کی کمپنی کا کاروبار 2014 میں پچاس ہزار روپے کا تھا جو اگلے ہی سال 80 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔
اس پر راہول کرانتی نامی ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا کہ ’اگر راہول نے یہ تقریر 2014 میں کی ہوتی تو وہ انڈیا کو مودی سے بچا لیتے۔‘



















